سعودی سفیر کی فیلڈ مارشل سے ملاقات، پاکستان اور سعودیہ کا مکہ معاہدے پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار
سعودی سفیر کی فیلڈ مارشل سے ملاقات، پاکستان اور سعودیہ کا مکہ معاہدے پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار
راولپنڈی: پاکستان اور سعودی عرب نے مکہ دفاعی معاہدے کے تحت ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دفاعی تعاون اور تزویراتی روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان میں سعودی عرب کے نئے تعینات ہونے والے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقامی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورت حال اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے مکہ دفاعی معاہدے کے تحت ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی سفیر کو نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی تعیناتی دونوں برادر ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون طویل عرصے سے دونوں ممالک کی تزویراتی شراکت داری کا اہم ستون رہا ہے۔ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت تعاون میں پیش رفت کو خطے میں سلامتی، مشترکہ دفاعی صلاحیتوں اور باہمی رابطہ کاری کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
دونوں ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ باہمی اعتماد اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کی بنیاد پر دفاعی اور تزویراتی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔
