مرکزی مواد پر جائیں
☀️ اسلام آباد: 20°C
منگل، 27 اکتوبر 2026
تازہ ترین
📊 ریٹ
USD/PKR 276.81 EUR/PKR 309.66 GBP/PKR 369.47 سونا/تولہ (عالمی) 418,065 PKR Bitcoin $80,101 USD/PKR 276.81 EUR/PKR 309.66 GBP/PKR 369.47 سونا/تولہ (عالمی) 418,065 PKR Bitcoin $80,101
قومی

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران انتہائی نتیجہ خیز رہا

📅 ✍️ ⏱ 5 منٹ
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران انتہائی نتیجہ خیز رہا
f 𝕏 ✈ شیئر کریں
f 𝕏
✓ لنک کاپی ہو گیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)۔ ایرانی صدارتی دفتر نے پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ایران کے حالیہ دورے کو انتہائی نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس دوران قابلِ قدر سفارتی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور دورے کے نتائج جلد ہی عملی صورت میں سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔

ایرانی صدارتی دفتر کا ردعمل

ایرانی صدر کے دفتر کے نائب برائے مواصلات و اطلاعات سید مہدی طباطبائی نے اپنے بیان میں کہا کہ بعض ذرائع ابلاغ میں سامنے آنے والے قیاس آرائیوں کے برعکس فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ انتہائی ثمر بخش تھا اور اس میں اہم سفارتی کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ ان کے مطابق دورے کے نتائج مستقبل قریب میں واضح ہو جائیں گے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 24 اگست کو وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر تہران کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی، وزیر داخلہ اسکندر مومنی اور سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل میں رہبر انقلاب کے نمائندے محسن رضائی سمیت اعلیٰ ایرانی حکام سے ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں کے اہم نکات

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقاتوں میں خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کی روک تھام، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے، جاری ایران۔امریکا تنازع کے جلد خاتمے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی صدر اور اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کے تناظر میں جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی قیادت نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایرانی صدر کے درمیان ملاقات انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز رہی۔ ان کے مطابق مذاکرات میں ایران۔امریکا تنازع، خطے میں بڑھتی کشیدگی، مستقبل کا لائحہ عمل اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات پر گفتگو ہوئی جبکہ ملاقات میں ’’اہم پیش رفت‘‘ ہوئی۔ تاہم انہوں نے اس پیش رفت کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

بیک گراؤنڈ

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران ایسے وقت میں ہوا ہے جب مشرق وسطیٰ میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکراتی عمل تعطل کا شکار ہے۔ پاکستان اس بحران کے دوران دونوں فریقوں کے ساتھ رابطے برقرار رکھتے ہوئے مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔ ایران اور امریکا کے درمیان جون میں ایک 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت طے پائی تھی جس کا مقصد جنگ کے خاتمے اور آئندہ مذاکرات کے لیے فریم ورک فراہم کرنا تھا، تاہم سکیورٹی ضمانتوں اور آبنائے ہرمز میں آزادانہ جہاز رانی سمیت بعض اہم معاملات پر اختلافات کے باعث یہ عمل آگے نہ بڑھ سکا۔ اسحاق ڈار اور ترک وزیر خارجہ خاقان فیدان کا ٹیلی فونک رابطہ اور دیگر علاقائی رابطے اس تناظر میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

علاقائی امن کے لیے کوششیں

آبنائے ہرمز اس بحران کا ایک اہم پہلو ہے کیونکہ یہ عالمی توانائی اور تجارتی نقل و حمل کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے۔ اس راستے میں کسی بھی طویل رکاوٹ کے عالمی تیل کی سپلائی، قیمتوں اور بین الاقوامی تجارت پر نمایاں اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اسی تناظر میں پاکستان کی جانب سے کشیدگی کم کرنے اور آبنائے ہرمز کی بحالی کے لیے سفارتی کوششوں کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ ایرانی قیادت کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے کو ’’بہت ثمر بخش‘‘ قرار دینا اس بات کا اشارہ ہے کہ ملاقاتوں میں صرف دوطرفہ پاکستان۔ایران تعلقات ہی نہیں بلکہ ایران۔امریکا تنازع، علاقائی سلامتی اور ممکنہ مذاکراتی عمل سے متعلق بھی اہم امور زیر بحث آئے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ملاقات کے دوران اس امید کا اظہار بھی کیا کہ مشترکہ ارادے اور تعاون جاری رکھتے ہوئے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت میں طے شدہ اہداف حاصل کیے جا سکیں گے۔ پاکستانی حکام کی جانب سے ’’اہم پیش رفت‘‘ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر اور محسن نقوی کی ایرانی صدر سے ملاقات کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ آنے والے دنوں میں مذاکرات کے نتیجے میں طے پانے والے بعض عملی اقدامات سامنے آ سکتے ہیں۔

تازہ خبروں کے لیے دوست نیوز کو فالو کریں
🏛️ GOVERNMENT PROJECT

PHA Foundation Flats

Sector I-16, Islamabad

✅ Officially Approved
✅ Easy Installments
✅ No Hidden Charges
Starting from
PKR 60 Lac
View Details →
SPONSORED — Dost Marketing

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں