آٹھواں ورلڈ تائیکوانڈو پریزیڈنٹ کپ ایشیئن ریجن آج سے شروع، 38 ممالک کے 869 ایتھلیٹس شریک

آٹھواں ورلڈ تائیکوانڈو پریزیڈنٹ کپ ایشیئن ریجن آج سے شروع، 38 ممالک کے 869 ایتھلیٹس شریک
لاہور (رپورٹ محمد اقبال ہارپر) آٹھواں ورلڈ تائیکوانڈو پریزیڈنٹ کپ 2026 ایشیئن ریجن پیر (آج) سے لاہور میں شروع ہوگا، جس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ پاکستان پہلی مرتبہ ورلڈ کلاس تائیکوانڈو ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے، جس میں ریکارڈ 38 ممالک کے تقریباً 869 ایتھلیٹس شرکت کر رہے ہیں۔ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن اور ایشیئن تائیکوانڈو یونین کے تعاون سے منعقد ہونے والے ایونٹ کے تمام مقابلے 17 سے 21 اگست تک جناح اسپورٹس کمپلیکس لاہور میں جاری رہیں گے۔ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے چیئرمین کرنل (ر) وسیم احمد جنجوعہ نے صدر ایشیئن تائیکوانڈو یونین سانگ جن کم، نائب صدر رجندر نوتو سامی اور ریفری چیئرمین کی سو لی کے ہمراہ مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ انتہائی خوشی اور اعزاز کا موقع ہے کہ وہ ایک عالمی معیار کے ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریزیڈنٹ کپ کی میزبانی کو ایک چیلنج سمجھ کر قبول کیا تھا اور تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ لاہور میں پریزیڈنٹ کپ کے انعقاد سے شہر تائیکوانڈو کے بین الاقوامی مرکز کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔ کرنل (ر) وسیم احمد جنجوعہ نے پنجاب حکومت، پنجاب پولیس اور تمام سیکیورٹی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایونٹ اور بین الاقوامی مہمانوں کے لیے وی وی آئی پی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپانسرز اور میڈیا کے تعاون کے بغیر ایونٹ کی کامیابی ممکن نہیں۔ صدر ایشیئن تائیکوانڈو یونین سانگ جن کم نے پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس عالمی ایونٹ سے پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر ہوگا۔ انہوں نے پاکستان اور بالخصوص لاہور آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تائیکوانڈو کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کھیل کے فروغ کے لیے بھرپور کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیئن تائیکوانڈو یونین پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ کرنل (ر) وسیم احمد جنجوعہ نے ایونٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پریزیڈنٹ کپ میں پومسے، کیوروگی اور پیرا کیوروگی کیٹیگریز کے مقابلے ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی ایتھلیٹس ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور پومسے کیٹیگری میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈلز حاصل کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے دو ایتھلیٹس جاپان میں ہونے والی ایشین گیمز میں بھی شرکت کریں گے۔

