راولپنڈی کینٹ بورڈ کا یوم آزادی پر فری پلانٹ ڈسٹری بیوشن کیمپ، 7 ہزار سے زائد پودے مفت تقسیم

راولپنڈی کینٹ بورڈ کا یوم آزادی پر فری پلانٹ ڈسٹری بیوشن کیمپ، 7 ہزار سے زائد پودے مفت تقسیم
راولپنڈی: پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے رومی پارک میں کنٹونمنٹ کے رہائشیوں کے لیے خصوصی فری پلانٹ ڈسٹری بیوشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جہاں شہریوں میں 7 ہزار سے زائد پودے مفت تقسیم کیے گئے۔
کیمپ کے انعقاد کا مقصد شہریوں میں شجرکاری کے فروغ، ماحول کو صاف اور سرسبز رکھنے اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔ شہریوں نے کیمپ میں بھرپور دلچسپی لیتے ہوئے مفت پودے حاصل کیے۔
راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے مطابق شہریوں میں تقسیم کیے جانے والے پودوں میں مختلف اقسام کے پھل دار، پھول دار اور سایہ دار درختوں کے پودے شامل تھے، تاکہ شہری اپنے گھروں، گلیوں اور اردگرد کے علاقوں میں شجرکاری کو فروغ دے سکیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 14 اگست کی مناسبت سے منعقد کیے گئے اس خصوصی کیمپ کا مقصد پاکستان کو سرسبز، صاف اور خوبصورت بنانے کے عزم کو اجاگر کرنا اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی ترغیب دینا ہے۔
کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ کے مطابق شجرکاری ماحولیاتی بہتری کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں کے لیے صاف، صحت مند اور سرسبز ماحول کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ پودے لگانے کے ساتھ ان کی مناسب دیکھ بھال بھی یقینی بنائیں تاکہ شجرکاری کے مثبت اثرات دیرپا ہوں۔ شہریوں کی شرکت اور تعاون کو ماحولیاتی تحفظ اور سرسبز پاکستان کے مقصد کے حصول کے لیے انتہائی اہم قرار دیا گیا۔
