نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرصدارت اہم اجلاس، آئندہ سفارتی مصروفیات کا جائزہ

اسلام آباد (اے پی پی)۔9 جولائی: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آئندہ سفارتی مصروفیات کا گہرائی سے جائزہ لینے کے لیے سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ یہاں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اس اجلاس کا مقصد پاکستان کی خارجہ پالیسی کو مزید مؤثر بنانا اور آئندہ سفارتی لائحہ عمل کو حتمی شکل دینا تھا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق، نائب وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان کے سیاسی اور اقتصادی مفادات کے فروغ کے لیے مکمل تیاری اور موثر رابطہ کاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقتصادی سفارت کاری، تزویراتی شراکت داریوں، کثیرالجہتی تعاون اور علاقائی استحکام و عالمی امن کے لیے پاکستان کی ثابت قدم حمایت پر مبنی ایک فعال خارجہ پالیسی کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان تمام شعبوں میں اپنی کوششیں جاری رکھے گا تاکہ عالمی برادری میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کر سکے۔
