FGEHA کے سیکٹر F-14 اور F-15 کی بروقت تکمیل کے لیے اہم اقدامات، شفاف انتظامی نظام کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ

الاٹیز کے حقوق کے تحفظ، ترقیاتی کاموں میں تیزی، بقایا جات کی وصولی اور قانون کے مطابق کارروائی کو منصوبے کی تکمیل کے لیے ناگزیر قرار دے دیا گیا
محمد خالد
اسلام آباد: وفاقی سرکاری ملازمین ہاؤسنگ اتھارٹی FGEHA نے سیکٹر F-14 اور F-15 کی بروقت تکمیل، شفاف انتظامی نظام کے فروغ، الاٹیز کے حقوق کے تحفظ اور ترقیاتی کاموں میں تیزی کے لیے اہم اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ، سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود اور ڈائریکٹر جنرل FGEHA کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال کی قیادت میں سیکٹر F-14 اور F-15 کو جدید، خوبصورت، ماحول دوست اور معیاری رہائشی سیکٹرز میں تبدیل کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق دونوں سیکٹرز میں ترقیاتی کاموں کی رفتار بڑھانے، بنیادی انفراسٹرکچر کی بروقت فراہمی، الاٹیز کے تحفظات کے ازالے اور منصوبے کو جلد مکمل کرنے کے لیے باقاعدہ جائزہ اجلاس، سائٹ وزٹس اور انتظامی فیصلوں کا سلسلہ جاری ہے۔
FGEHA نے واضح کیا ہے کہ سیکٹر F-14 اور F-15 کو جدید شہری منصوبہ بندی کے اصولوں کے مطابق پائیدار، ماحول دوست اور مثالی رہائشی علاقوں میں تبدیل کرنا اتھارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ منصوبے کی جلد تکمیل اور الاٹیز کو پلاٹس کی بروقت فراہمی کے لیے تمام ضروری انتظامی اور عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اتھارٹی نے ان تمام الاٹیز کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے اپنی مالی ذمہ داریاں بروقت پوری کیں اور منصوبے کی ترقی میں مثبت کردار ادا کیا۔ FGEHA کے مطابق ذمہ دار الاٹیز کے تعاون سے ترقیاتی سرگرمیوں کی رفتار برقرار رکھنے میں مدد ملی ہے اور اسی تعاون کی بنیاد پر منصوبے کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب اتھارٹی نے ان الاٹیز کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے متعدد مواقع فراہم کیے جانے کے باوجود 2016 سے اپنی بقایا اقساط جمع نہیں کروائیں۔ اس معاملے کا جائزہ لینے کے لیے ایگزیکٹو بورڈ کی ہدایت پر ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔
خصوصی کمیٹی نے تمام ریکارڈ، متعلقہ قوانین اور ضوابط کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد سفارش کی کہ ایسے 6 پلاٹس کی الاٹمنٹ منسوخ کی جائے جن کے مالکان 2016 سے اپنی مالی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہے۔ اتھارٹی کے مطابق یہ فیصلہ قانون اور قواعد کے مطابق کیا گیا ہے تاکہ منصوبے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔
FGEHA کا کہنا ہے کہ بقایا جات کی عدم ادائیگی نہ صرف منصوبے کی مالیاتی منصوبہ بندی کو متاثر کرتی ہے بلکہ ترقیاتی کاموں کی رفتار پر بھی اثر انداز ہوتی ہے۔ اسی لیے مالی نظم و ضبط، شفافیت اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانا منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے ضروری ہے۔
اتھارٹی کے مطابق سیکٹر F-14 اور F-15 کے ایسے تمام الاٹیز کی فہرست بھی تیار کر لی گئی ہے جن کے ذمہ بقایا جات موجود ہیں۔ ان کے خلاف بھی قانون اور قواعد کے مطابق کارروائی شروع کی جائے گی تاکہ ذمہ دار الاٹیز کے حقوق محفوظ رہیں اور منصوبے کی تکمیل میں مزید تاخیر نہ ہو۔
FGEHA نے کہا ہے کہ یہ اقدامات کسی فرد یا گروہ کے خلاف نہیں بلکہ منصوبے کے مفاد، الاٹیز کے حقوق کے تحفظ اور شفاف انتظامی نظام کے قیام کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ اتھارٹی کا مقصد یہ ہے کہ تمام معاملات قانون، میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کے تحت آگے بڑھائے جائیں۔
اتھارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سیکٹر F-14 اور F-15 کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ FGEHA کے مطابق الاٹیز کو معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی کاموں کی شفاف نگرانی اور عوامی مفاد کا تحفظ ادارے کی بنیادی ترجیحات ہیں۔
