لیبیا کے ڈپٹی کمانڈر ان چیف کا جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ، دفاعی تعاون پر بات چیت

راولپنڈی: لیبیا کی عرب مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر ان چیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، این آئی(ایم)، ایچ جے، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقات کی۔
جی ایچ کیو آمد پر، مہمان خصوصی کو تینوں مسلح افواج کے ایک بہترین دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی تعاون اور فوجی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے امکانات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ دونوں فریقین نے دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے اور پیشہ ورانہ فوجی تربیت اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دوست ممالک کے ساتھ امن، استحکام اور تعمیری تعلقات کے فروغ کے لیے پاکستان آرمی کے عزم کو اجاگر کیا۔ لیبیا کے ڈپٹی کمانڈر ان چیف نے پاکستان مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے ان کے کردار کو تسلیم کیا۔
