حق و سچ کیلئے ثابت قدم رہنا درس کربلا ہے

: چوہدری عبید اللہ
ایرانی، فلسطینی اور کشمیریوں نے قافلہ حسین سے بہادری سیکھی:خصوصی گفتگو
والدین اور اہل دانش پیغام کربلا اور فکر حسین کے چراغ روشن کرتے رہیں
اسلام آباد( محمد خالد) مرکزی صدر نیشنل ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سکولز، چیئرمین کیریئر سکول اینڈ کالج ستارہ مارکیٹ چوہدری محمد عبید اللہ نے کہا ہے کہ نواسہ رسول کی قربانی صبح قیامت تک ظلم، استبداد اور نا انصافی کے خلاف حق، صداقت اور سچائی کی روشنی عام کرتی رہے گی۔حضرت امام علی مقام نے جان دے دی مگر اسلام اور دینی اقدار کے تحفظ کا پرچم بلند رکھا۔ درس کربلا کی مناسبت سے نشست میں انہوں نے بتایا کہ ایرانی، فلسطینی اور کشمیریوں نے ثابت قدمی کا سبق واقعہ کربلا سے کشید کیا۔ حضرت امام حسین اور ان کے قافلہ جانثاراں کو حق کے راستہ سے روکنے کی کوشش کی گئی مگر آپ نے بہادری، جواں مردی اور شجاعت سے طاغوت کا مقابلہ کیا۔ انسانیت آج بھی حسین بن علی کا مقروض ہے اور رہتی دنیا تک قرض ادا کرتی رہے گی۔ صدر نیشنل ایسوسی ایشن آف پرائیوٹ سکولز نے والدین، اساتذہ کرام اور اہل دانش سے اپیل کی کہ وہ گاہے بگاہے پیغام کربلا اور فکر حسین کے چراغ روشن کرتے رہیں تاکہ نئی نسل میں دین ا سلام کی آبیاری کرنے والوں کی عظمتیں اور رفعیتں بلند ہوتی رہیں
