ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کا پاکستان کا اہم سرکاری دورہ آج ہو گا

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ)۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان منگل کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا، جس میں وزراء اور دیگر اعلیٰ عہدیدار شامل ہوں گے۔
دورے کے دوران، صدر پیزشکیان صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے اور وزیراعظم کے ساتھ خصوصی بات چیت بھی کریں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے پیر کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، ایوان بالا کے چیئرمین، قومی اسمبلی کے اسپیکر اور نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ ایرانی صدر سے ملاقات کریں گے۔ یہ صدر ایران کے طور پر ڈاکٹر پیزشکیان کا پاکستان کا دوسرا دورہ ہوگا۔
دورے کے دوران، دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کے مکمل دائرہ کار کا جائزہ لیں گے اور تجارت، توانائی، سرحدی سلامتی، عوامی روابط اور علاقائی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے نئے راستوں کی تلاش کریں گے۔ یہ دورہ اسلام آباد میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ پر دستخط کے بعد جاری سفارتی مصروفیت کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی پیشرفتوں پر تبادلہ خیال کا ایک اہم موقع بھی فراہم کرے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ "آنے والا دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے اور خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے ان کی مشترکہ خواہش کو اجاگر کرتا ہے۔”
