ترکیہ کے وفد کا این ڈی ایم اے کا دورہ، آفات سے نمٹنے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)۔ ترکیہ کے ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ہیڈکوارٹرز میں قائم نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاکستان کے آفات سے نمٹنے کے جامع نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
این ڈی ایم اے حکام نے وفد کو قدرتی و انسانی آفات سے نمٹنے کی حکمت عملی، جدید پیشگی آگاہی کے نظام اور ہنگامی صورتحال میں بروقت کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔
دوطرفہ تعاون اور تجربات کے تبادلے پر زور
اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے، لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ترکیہ کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے آفات کے انتظام کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون اور تجربات کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔ وفد کو این ای او سی کے صلاحیتی دائرہ کار، پیشگی انتباہی نظام کے میکنزم اور قومی وسائل کے مؤثر استعمال کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان آفات سے نمٹنے کی صلاحیتوں میں اضافے، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز اور ادارہ جاتی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ یہ تعاون بین الاقوامی تعلقات میں ایک اہم پیشرفت ہے۔
مستقبل کے خطرات اور عالمی نیٹ ورک کا قیام
وفد کو 2026 کے دوران پاکستان اور دیگر ممالک کو درپیش ممکنہ خطرات کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دونوں ممالک نے علاقائی خطرات کی تشخیص اور تدارک کے لیے مشترکہ کوششوں اور گلوبل ڈیزاسٹر ریسورس نیٹ ورک کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا، جس کا مقصد آفات کے انتظام کے لیے اجتماعی کوششوں کو فروغ دینا ہے۔
وفد نے پاکستان کے نیشنل ایمرجنسز آپریشن سینٹر اور آفات سے نمٹنے کیلئے جدید نظام کو سراہا۔ ترک وفد کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مل کر آفات سے بچاؤ اور عملی اقدامات کو موثر بنانے کے لیے تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
