ایف آئی اے کی کارروائی، کاپی رائٹس کی خلاف ورزی میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

ملتان۔ 23 مئی (دوست نیوز):ایف آئی اے نے کاپی رائٹس کی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان زون عطاالرحمٰن کی خصوصی ہدایات پر کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹر کارپوریٹ کرائم سرکل ملتان حمادالرحمٰن کی زیر نگرانی ٹیم نے بہاولپور بائی پاس ملتان میں کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان میں ماجد حسین، محمد عدنان اور واصف علی شامل ہیں، جو ابتدائی تحقیقات کے مطابق رجسٹرڈ برانڈز کے جعلی اور نقل شدہ مصنوعات کی تیاری اور فروخت میں ملوث تھے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں جعلی اور نقل شدہ مصنوعات برآمد کی گئیں، جن میں رجسٹرڈ برانڈز کے غیر قانونی طور پر استعمال کیے گئے ایکسپریشن اسٹائل اور آرٹسٹک ورکس شامل ہیں۔ برآمد شدہ سامان کو ضبطی میمو کے تحت تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ترجمان نےبتایا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ کاپی رائٹس قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث دیگر عناصر کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
