گلگت بلتستان میں G 5ٹرائلز کے آغاز کے لیے پالیسی ہدایات منظور ،جلد آزمائشی عمل شروع ہو جائے گا
اسلام آباد۔25اپریل (دوست نیوز):گلگت بلتستان میں جدید ڈیجیٹل رابطہ کاری کی جانب ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے جہاں حکام نے G 5ٹرائلز کے آغاز کے لیے پالیسی ہدایات کی منظوری دے دی ہے اور توقع ہے کہ جلد ہی آزمائشی عمل شروع ہو جائے گا۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ کئی ماہ کی مشاورت کے بعد کیا گیا کیونکہ فروری میں شروع ہونے والے ملک گیر 5Gسپیکٹرم نیلامی کے عمل میں ابتدائی طور پر گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔ نگراں وزیر برائے آئی ٹی گلگت بلتستان غلام عباس نے اس معاملے کو وفاقی حکام کے سامنے اٹھایا اور اس سلسلے میں مسلسل رابطے میں رہے۔ انہوں نے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی حفیظ الرحمان اور وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ سے ملاقاتیں کیں اور خطے تک 5G سروسز کی توسیع کی ضرورت پر زور دیا۔
بعد ازاں، گلگت بلتستان کونسل سیکرٹریٹ نے ٹرائلز کے لیے پالیسی منظوری کی سمری تیار کی۔ اس تجویز کی توثیق وزارت قانون و انصاف اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے کی جس کے بعد اسے وزیر اعظم، جو گلگت بلتستان کونسل کے چیئرمین بھی ہیں، کو بھیجا گیا۔ بعد میں یہ سمری کونسل کے ارکان کو بھیجی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کونسل نے اس تجویز کی منظوری دے دی ہے جسے گلگت بلتستان کے گورنر نے بھی توثیق کر دی ہے، یوں 5G ٹرائلز کے آغاز کی راہ میں حائل اہم رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں۔
ان کے مطابق ٹیلی کام ریگولیٹر پہلے ہی ٹیسٹنگ کے لیے رہنما اصول تیار کر چکا تھا اور اب باضابطہ منظوری کے بعد ٹیلی کام آپریٹرز کو خطے میں ٹرائلز شروع کرنے کی اجازت مل جائے گی۔چیئرمین پی ٹی اے نے عندیہ دیا ہے کہ ٹرائلز کی کامیابی کے بعد گلگت بلتستان میں باقاعدہ 5G سپیکٹرم نیلامی بھی کی جائے گی۔ حکام اور ماہرین کے مطابق یہ اقدام نہ صرف ڈیجیٹل رابطوں کو بہتر بنائے گا بلکہ سیاحت کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بھی بنے گا بالخصوص اس پہاڑی خطے میں جہاں جدید کمیونیکیشن سہولیات کی ضرورت ہے۔
