سابق کرکٹر سلیم یوسف کی بیٹی اداکارہ ایمن سلیم کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان
سابق کرکٹر سلیم یوسف کی بیٹی اداکارہ ایمن سلیم کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان
کراچی: سابق پاکستانی کرکٹر سلیم یوسف کی بیٹی اور اداکارہ ایمن سلیم نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے پارٹی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کا حصہ بننے جا رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایمن سلیم نے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کے ہمراہ پریس کانفرنس میں پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
نثار کھوڑو نے ایمن سلیم کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے پر انہیں خوشی ہے۔
نثار کھوڑو نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کئی سال سے خراب ہے۔ ان کے مطابق گورنر راج مستقل حل نہیں اور دہشت گردی کے خلاف ایکشن پلان پر سیاسی اتفاق رائے کے ذریعے صورتحال بہتر بنائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق کہا کہ آئین میں اس کا طریقہ کار واضح ہے اور متعلقہ صوبائی اسمبلی کی دو تہائی اکثریت سے قرارداد ضروری ہے۔ سندھ میں نئے صوبے یا صوبائی حدود میں تبدیلی کی تجاویز کی مخالفت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامی یونٹس کے نام پر ایسی بحث سیاسی بے چینی پیدا کر سکتی ہے۔
نثار کھوڑو نے 28ویں آئینی ترمیم کی بحث کو بھی قبل از وقت قرار دیا اور کہا کہ حکومت کے پاس پارلیمان میں اس کے لیے دو تہائی اکثریت موجود نہیں۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کی صورتحال میں سیاسی کردار ادا کرنے کے لیے مولانا فضل الرحمان کی جماعت کو بھی اہم قرار دیا۔
