اسلام آباد کے سیکٹر C-15 میں ترقیاتی کام 60 فیصد مکمل، سیکٹر E-12 سمیت دیگر سیکٹرز میں الاٹیز کو پلاٹوں کا قبضہ دینے کیلئے اقدامات تیز کر دیئے گئے ہیں، طلال چوہدری
اسلام آباد کے سیکٹر C-15 میں ترقیاتی کام 60 فیصد مکمل، سیکٹر E-12 سمیت دیگر سیکٹرز میں الاٹیز کو پلاٹوں کا قبضہ دینے کیلئے اقدامات تیز کر دیئے گئے ہیں، طلال چوہدری
اسلام آباد۔19اکتوبر: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر C-15 میں ترقیاتی کام تقریباً 60 فیصد مکمل ہو چکا ہے جبکہ سیکٹر E-12 سمیت دیگر سیکٹرز میں الاٹیز کو پلاٹوں کا قبضہ دینے کے لیے اقدامات تیز کر دیئے گئے ہیں۔پیرکوقومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران رکن قومی اسمبلی نعیمہ کشور کے توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں طلال چوہدری نے کہا کہ سی ڈی اے میں سیکٹرز کی ترقی اور متعلقہ مسائل کے حل کے لیے اصلاحات کی گئی ہیں اور اس مقصد کے لیے ایک نئے ممبر کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکٹر E-12 کا آغاز 1985ء میں ہوا تھا جبکہ 1992ء میں الاٹمنٹ لیٹرز جاری کئے گئے لیکن مختلف رکاوٹوں کے باعث الاٹیز کو طویل عرصے تک قبضہ نہیں مل سکا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکٹر E-12 کے کمرشل ایریا میں بھی ماضی کے قبضے ختم کرا کے پلاٹ واگزار کرانے کی ضرورت ہے تاکہ ان سے حاصل ہونے والے وسائل اسلام آباد کی ترقی پر خرچ کیے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ سیکٹر E-12 کے علاوہ E-14، E-15 اور E-16 سمیت دیگر سیکٹرز میں بھی ترقیاتی کاموں اور الاٹیز کو قبضہ دینے کے عمل کو تیز کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ آئندہ ہر چند ماہ بعد ایک نئے سیکٹر میں قبضے اور دیگر متعلقہ معاملات پر پیش رفت کی جائے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ سیکٹرز میں ترقیاتی کاموں اور قبضے کی فراہمی میں دو بڑی رکاوٹیں ہیں جن میں مبینہ مافیا اور بعض مقامی عناصر شامل ہیں۔ ان کے مطابق بعض افراد تعمیر شدہ املاک کے نام پر پلاٹ حاصل کرنے اور جعلی متاثرین بننے جیسے طریقوں سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں جس سے ترقیاتی منصوبے متاثر ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان رکاوٹوں کو دور کرکے سیکٹرز کی ترقی اور الاٹیز کو قبضہ دینے کے عمل میں تیزی لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
