مرکزی مواد پر جائیں
☀️ اسلام آباد: 18°C
پیر، 26 اکتوبر 2026
تازہ ترین
📊 ریٹ
USD/PKR 276.94 EUR/PKR 310.43 GBP/PKR 370.35 سونا/تولہ (عالمی) 417,020 PKR Bitcoin $80,149 USD/PKR 276.94 EUR/PKR 310.43 GBP/PKR 370.35 سونا/تولہ (عالمی) 417,020 PKR Bitcoin $80,149
بزنس

کسٹمز ویلیوایشن میں عالمی مارکیٹ کی قیمتوں کو مدنظر رکھا جائے

📅 ✍️ ⏱ 9 منٹ
کسٹمز ویلیوایشن میں عالمی مارکیٹ کی قیمتوں کو مدنظر رکھا جائے (تصویر 1)
f 𝕏 ✈ شیئر کریں
f 𝕏
✓ لنک کاپی ہو گیا

لاہور (نمائندہ خصوصی)۔ ڈائریکٹر جنرل کسٹمز ویلیوایشن عرفان واحد نے کہا ہے کہ درآمدی اشیا کی منصفانہ قیمتوں کا تعین کسٹمز کی ذمہ داری ہے اور ویلیوایشن رولنگز میں انصاف، شفافیت اور غیر جانب داری کو بنیادی ترجیح حاصل ہے۔ ویلیوایشن کے موجودہ نظام کو ازسرِنو بہتر اور جدید بنایا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں ویلیوایشن رولنگز کو بین الاقوامی قیمتوں سے منسلک کیا جا سکے، صوابدیدی عنصر کم سے کم ہو اور کاروباری افراد کے لیے قیمتوں میں استحکام پیدا ہو۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر کاروباری برادری سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمٰن سہگل نے ان کا خیر مقدم کیا جبکہ سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران کرامت علی اعوان، فردوس نثار اور عامر علی، صائمہ آفتاب ڈائریکٹر ویلیوایشن لاہور، پلوشہ سید ایڈیشنل ڈائریکٹر کسٹمز لاہور سمیت لاہور چیمبر کے دیگر عہدیداران اور ممبران موجود تھے۔

کسٹمز ویلیوایشن کا درست تعین قومی محصولات کے لیے ضروری ہے

اس موقع پر صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمٰن سہگل نے ڈائریکٹر جنرل کسٹمز ویلیوایشن عرفان واحد کو لاہور چیمبر آمد پر خوش آمدید کہا اور کاروباری برادری کے کسٹمز ویلیوایشن سے متعلق مسائل سننے کے لیے دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل کسٹمز ویلیوایشن ملک کی تجارت، درآمدات اور ٹیکس نظام میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے اور درست، منصفانہ اور شفاف کسٹمز ویلیوایشن سے قومی محصولات کے تحفظ کے ساتھ قانونی تجارت کو بھی فروغ ملتا ہے۔ فہیم الرحمٰن سہگل نے کہا کہ لاہور چیمبر ٹریڈ، انڈسٹری اور سروسز کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے 48 ہزار سے زائد ممبران کی نمائندگی کرتا ہے اور حکومتی اداروں اور کاروباری برادری کے درمیان مؤثر رابطے کا کردار ادا کرتا ہے۔

کسٹمز ویلیوایشن میں عالمی مارکیٹ کی قیمتوں کو مدنظر رکھا جائے (تصویر 2)

موبائل فون ایکسیسریز کی ویلیوایشن پر کاروباری برادری کے تحفظات

انہوں نے موبائل فون ایکسیسریز کی ویلیوایشن رولنگ نمبر 2105/2026 پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض موبائل فون ایکسیسریز کی کسٹمز ویلیو سابقہ ویلیوایشن رولنگ نمبر 1887/2024 کے مقابلے میں 100 فیصد سے بھی زیادہ بڑھا دی گئی ہے، جس سے کسٹمز ڈیوٹی اور دیگر ٹیکسوں کی ادائیگی میں نمایاں اضافہ ہوا اور امپورٹرز کی کاروباری لاگت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں موبائل فون ایکسیسریز کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، اس لیے کسٹمز ویلیو میں 100 فیصد سے زیادہ اضافہ عالمی مارکیٹ کی موجودہ صورتحال سے مطابقت نہیں رکھتا۔ اگر ویلیو میں اضافہ ضروری ہو تو اسے مناسب اور حقیقت پسندانہ سطح تک محدود رکھا جائے، جبکہ کاروباری برادری کے مطابق یہ اضافہ 20 فیصد سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔ صدر لاہور چیمبر نے مزید کہا کہ نئی رولنگ میں بعض ایسے موبائل ایکسیسریز برانڈز بھی شامل کر دیے گئے ہیں جو مقامی طور پر تیار کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مقامی طور پر تیار ہونے والی مصنوعات اور برانڈز کی درست نشاندہی کے بعد رولنگ میں ضروری تبدیلی کی جائے۔ انہوں نے ویلیوایشن رولنگ نمبر 2105/2026 کا ازسرِنو جائزہ لینے اور نئی ویلیوز کا تعین اصل امپورٹ ڈاکومنٹس، عالمی مارکیٹ کی قیمتوں اور متعلقہ امپورٹرز کی مشاورت سے کرنے کی درخواست کی۔

پرفیومز اور کاسمیٹکس کی درآمدی لاگت میں اضافہ

کسٹمز ویلیوایشن میں عالمی مارکیٹ کی قیمتوں کو مدنظر رکھا جائے (تصویر 3)

فہیم الرحمٰن سہگل نے پرفیومز، کاسمیٹکس، ڈیوڈرنٹس اور متعلقہ مصنوعات کی ویلیوایشن رولنگ نمبر 2094/2026 کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کے مطابق بڑی تعداد میں معروف بین الاقوامی برانڈز کی کسٹمز ویلیوز عالمی مارکیٹ میں رائج قیمتوں اور حقیقی درآمدی قیمتوں سے خاصی زیادہ مقرر کی گئی ہیں، جس سے ریگولر امپورٹ کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا اور بعض مصنوعات کی درآمد تجارتی طور پر قابلِ عمل نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے قانونی اور ڈاکومنٹڈ تجارت متاثر ہونے کے ساتھ مارکیٹ میں مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور غیر قانونی تجارت کو فروغ ملنے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ویلیوایشن رولنگ نمبر 2094/2026 پر نظرثانی کی جائے اور متعلقہ فورم کو نئے سرے سے ویلیو کے تعین کا موقع دیا جائے۔ چیمبرز آف کامرس، متعلقہ ٹریڈ ایسوسی ایشنز، مجاز ڈسٹری بیوٹرز، امپورٹرز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اپنا مؤقف اور دستاویزی ثبوت پیش کرنے کا مکمل موقع دیا جائے۔

کسٹمز حکام کا ویلیوایشن کے نظام میں بہتری کا عزم

عرفان واحد نے پرفیومز اور کاسمیٹکس کی ویلیوایشن کے حوالے سے کہا کہ اس معاملے کا جائزہ لیا جا چکا ہے اور متعدد افراد کی جانب سے ریویو درخواستیں بھی دائر کی گئی ہیں۔ سماعت کے دوران بھی کافی افراد نے شرکت کی اور اپنے تحفظات پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ صدر لاہور چیمبر کی جانب سے اٹھائے گئے بیشتر نکات پہلے ہی حکام کے علم میں آ چکے ہیں اور اب اس معاملے پر فیصلہ کیا جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی صنعت اور درآمد کنندگان کے اپنے اپنے مفادات ہو سکتے ہیں اور بعض اوقات ان میں باہمی مفادات کا ٹکراؤ بھی ہوتا ہے، تاہم قیمت مقرر کرتے وقت بنیادی اصول انصاف اور غیر جانب داری ہونا چاہیے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل اور ویلیوایشن رولنگز جاری کرنے والے افسران کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ مقرر کی جانے والی قیمتیں منصفانہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی ویلیوایشن رولنگ میں کوئی مسئلہ یا خامی ہو تو کاروباری افراد کو ریویو کی کارروائی کے ذریعے اسے اٹھانے کا حق حاصل ہے، جبکہ اس کے بعد مزید اپیل کا طریقہ کار بھی موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جاری کردہ اور آئندہ جاری ہونے والی ویلیوایشن رولنگز میں انصاف اور منصفانہ قیمت کا تعین بنیادی ترجیح رہے گا۔ عرفان واحد نے بتایا کہ اس وقت تقریباً 50 اشیا کی ویلیوایشن بین الاقوامی اشاعتوں اور عالمی مارکیٹ کی قیمتوں کی بنیاد پر کی جا رہی ہے اور کوشش ہے کہ اس تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موٹر وے پولیس کی طرح شفافیت کو فروغ دینے کیلئے اس اقدام کا مقصد صوابدید، غیر یقینی اور غیر متوقع قیمتوں کے عنصر کو کم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قیمتیں زیادہ تر خام مال اور بنیادی اشیا کے حوالے سے دستیاب ہوتی ہیں جبکہ تیار شدہ یا مختلف خصوصیات رکھنے والی مصنوعات کی براہِ راست عالمی قیمتیں ہمیشہ دستیاب نہیں ہوتیں۔ اس لیے تحقیقی رپورٹس، مارکیٹ اینالیسز اور دیگر مطالعات تیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مقرر کی جانے والی قیمتیں منصفانہ ہونے کے ساتھ متعلقہ مارکیٹ کے حالات سے بھی مطابقت رکھتی ہوں۔ موبائل ایکسیسریز کی ویلیوایشن کے حوالے سے عرفان واحد نے کہا کہ یہ معاملہ اجلاس سے قبل ہونے والی پری میٹنگ میں بھی زیرِ بحث آیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ بعض اشیا کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے جبکہ بعض کی قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں، تاہم کاروباری برادری کا بنیادی اعتراض مختلف برانڈز کو مختلف کیٹیگریز میں رکھنے کے طریقہ کار سے متعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے متعلقہ فریقین نے ریویو درخواستیں بھی دائر کی ہیں اور آئندہ ہفتے اس معاملے کی سماعت کی جائے گی۔ ان کی کوشش ہوگی کہ موبائل ایکسیسریز کے معاملے کی سماعت آن لائن کی جائے تاکہ کاروباری برادری اپنے تحفظات اور شکایات براہِ راست متعلقہ حکام کے سامنے پیش کر سکے اور ان کا مناسب جواب دیا جا سکے۔ عرفان واحد نے کہا کہ ویلیوایشن رولنگز پر مسلسل نظرِ ثانی اور بروقت اپ ڈیٹ ضروری ہے۔ تیار شدہ اشیا کے معاملے میں بین الاقوامی ڈیٹا بیسز سے بھی استفادہ کیا جا رہا ہے تاکہ درآمد کنندگان کی جانب سے ظاہر کی جانے والی ٹرانزیکشن ویلیوز کا موازنہ کیا جا سکے اور ویلیوایشن رولنگز میں مزید بہتری کی گنجائش کا تعین کیا جا سکے۔

تازہ خبروں کے لیے دوست نیوز کو فالو کریں
🏛️ GOVERNMENT PROJECT

PHA Foundation Flats

Sector I-16, Islamabad

✅ Officially Approved
✅ Easy Installments
✅ No Hidden Charges
Starting from
PKR 60 Lac
View Details →
SPONSORED — Dost Marketing

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں