مسلسل تبدیلی کو اپنانا ہی قوموں کی کامیابی کی بنیاد ہے، سیف الرحمن

مسلسل تبدیلی کو اپنانا ہی قوموں کی کامیابی کی بنیاد ہے، سیف الرحمن
لاہور، 16 اگست: وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈی نیٹر سیف الرحمن نے کہا ہے کہ ہر قوم کی کامیابی کا انحصار بڑی حد تک مسلسل اور منظم تبدیلی کو اپنانے کی صلاحیت پر ہے، کمزور اداروں کی حامل قومیں جمود کا شکار ہو کر پیچھے رہ جاتی ہیں۔ اتوار کو یہاں انہوں نے ’’اسٹیٹ آف فلکس‘‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی معیشت، ٹیکنالوجی اور سماجی حالات مسلسل تبدیل ہو رہے ہیں، اس لیے قوموں اور اداروں کو وقت کے تقاضوں کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا۔ سیف الرحمن نے قرآن مجید کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کسی قوم کی حالت اس وقت تک نہیں بدلتا جب تک وہ خود اپنے آپ کو نہ بدلے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے بھی اپنے دور میں معاشرے میں متعدد اصلاحات متعارف کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی قانونِ فطرت ہے اور ترقی، حالات کے مطابق ڈھلنے اور بقا کے لیے ناگزیر ہے۔ دنیا کی کامیاب کمپنیاں بھی مسلسل تبدیلی اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی وجہ سے کئی دہائیوں تک کامیاب رہتی ہیں۔
