نادرا نے کیو آر کوڈ پر مبنی نیا قومی شناختی کارڈ متعارف کرا دیا

نادرا نے کیو آر کوڈ پر مبنی نیا قومی شناختی کارڈ متعارف کرا دیا
اسلام آباد، 14 اگست: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے خود انحصاری کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان میں تیار کردہ کیو آر کوڈ پر مبنی نیا قومی شناختی کارڈ متعارف کرا دیا ہے، جس میں درآمدی مائیکرو چِپ کے بجائے محفوظ کیو آر کوڈ استعمال کیا گیا ہے۔
نادرا کے مطابق نیا قومی شناختی کارڈ پولی کاربونیٹ میٹریئل پر پاکستان میں تیار کیا گیا ہے اور اسے آج 14 اگست سے موجودہ چِپ کے بغیر ٹیسلن شناختی کارڈ کی جگہ مرحلہ وار جاری کیا جا رہا ہے۔
نئے شناختی کارڈ میں شامل محفوظ کیو آر کوڈ کے ذریعے کارڈ ہولڈر کی شناخت کی تصدیق عام اسمارٹ فون سے بھی ممکن ہوگی۔ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے کیو آر کوڈ پڑھ کر شناختی کارڈ کی معلومات کی تصدیق کی جا سکے گی۔
نادرا کے مطابق کیو آر کوڈ میں کارڈ ہولڈر کی متعلقہ شناختی معلومات اور تصویر موجود ہوگی، جس سے نام، پتہ اور دیگر شناختی معلومات کے ڈیٹا اندراج میں غلطیوں کے امکانات کم ہوں گے۔
شناختی کارڈ کی ڈیجیٹل تصدیق کو مزید آسان بنانے کے لیے ٹیلی کام کمپنیوں، بینکوں، ہسپتالوں، پاکستان ریلوے، پولیس اور دیگر مجاز اداروں کو کیو آر کوڈ کی تصدیق کے لیے سافٹ ویئر فراہم کیا جائے گا۔

نئے شناختی کارڈ پر خاندان نمبر کے علاوہ معذور افراد، بزرگ شہریوں، اعضاء عطیہ کرنے والوں اور آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں کی شناخت کے لیے مخصوص نشانات بھی موجود ہوں گے۔
نادرا کے مطابق نئے کارڈ پر شہری کا نام اور پتہ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں درج ہوگا، جس سے شناختی معلومات کے استعمال اور تصدیق میں مزید سہولت حاصل ہوگی۔
نئے کیو آر کوڈ پر مبنی شناختی کارڈ کا اجرا مرحلہ وار کیا جا رہا ہے۔ جنوری 2027 سے کیو آر کوڈ پر مبنی نیا کارڈ نیشنل آئی ڈی کارڈ فار اوورسیز پاکستانی (NICOP) اور جووینائل کارڈ سمیت قومی شناختی کارڈز کی تمام اقسام کے لیے جاری کیا جائے گا۔
اس عمل کے آخری مرحلے میں پاکستان اوریجن کارڈ کو بھی چِپ کے بغیر کیو آر کوڈ پر مبنی نئے شناختی کارڈ میں منتقل کیا جائے گا۔
نادرا کے مطابق پہلے سے جاری تمام شناختی کارڈ اپنی مقررہ تاریخ میعاد تک بدستور کارآمد رہیں گے، لہٰذا موجودہ کارڈ رکھنے والے شہریوں کو فوری طور پر اپنا شناختی کارڈ تبدیل کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
نئے کارڈ کے اجرا سے نادرا نے قومی شناختی دستاویز کی تیاری میں مقامی صلاحیت کو بروئے کار لانے اور درآمدی مائیکرو چِپ پر انحصار کم کرنے کی جانب اہم پیش رفت کی ہے۔ پاکستان میں تیار کردہ یہ کارڈ قومی شناختی نظام کو مزید محفوظ، قابل تصدیق اور جدید بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
