نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں 79ویں جشن آزادی کی رنگا رنگ تقریب، ملی نغموں نے سماں باندھ دیا

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں 79ویں جشن آزادی کی رنگا رنگ تقریب، ملی نغموں نے سماں باندھ دیا
اسلام آباد: پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پروقار اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صحافیوں، ان کے اہل خانہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ملی نغموں، قومی جذبے اور حب الوطنی سے بھرپور پروگرامز نے تقریب کے شرکاء کا جوش و خروش دوبالا کردیا۔
جشن آزادی کی تقریب کی مہمان خصوصی وزیراعظم یوتھ پروگرام کی فوکل پرسن افنان مشعال تھیں، جبکہ نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال، سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ، وزیر اعلیٰ پنجاب کے سابق مشیر ندیم عاشق اعوان، پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے چیئرمین ملک حبیب اورکزئی، این پی سی کے سابق صدور فاروق فیصل خان اور شہریار خان، سابق نائب صدر این پی سی ڈاکٹر سعدیہ کمال، میاں سہیل اقبال، سید ضیغم نقوی، قیصر مرزا، آر آئی یو جے دستور کے صدر رانا کوثر علی، سینئر صحافی سید محسن رضا، سرفراز راجہ، حسن خان، اشفاق بنگش، راجہ منظور شکرانی، مجاہد بھٹی سمیت دیگر صحافیوں اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران معروف گلوکاروں نے ملی نغمے پیش کیے جس سے فضا حب الوطنی کے جذبے سے معمور ہوگئی۔ دل کو چھو لینے والے قومی نغموں پر شرکاء نے بھرپور داد دی اور پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

بچوں اور خاندانوں کی بڑی تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی جس سے جشن آزادی کی خوشیوں میں مزید اضافہ ہوا۔ شرکاء نے سبز ہلالی پرچم لہراتے ہوئے پاکستان سے محبت کا اظہار کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے ماحول کو گرما دیا۔
اس موقع پر مقررین نے پاکستان کے قیام کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہونے کے ساتھ ساتھ قومی ذمہ داری بھی ہے۔ صحافی برادری ملک کی ترقی، جمہوریت کے استحکام، آزادی اظہار اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔
مقررین نے کہا کہ پاکستان لاکھوں قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا، اس لیے نئی نسل کو قیام پاکستان کے مقاصد، بانیان پاکستان کی جدوجہد اور قومی ذمہ داریوں سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تقریب کا سب سے خوبصورت اور یادگار لمحہ رات 12 بجے آیا جب پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کا کیک کاٹا گیا۔ مہمان خصوصی، نیشنل پریس کلب کی قیادت، سینئر صحافیوں اور دیگر شرکاء نے مل کر کیک کاٹا اور ایک دوسرے کو جشن آزادی کی مبارکباد دی۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، خوشحالی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن عزیز کی ترقی، جمہوری استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔
