پاکستان میں پہلی قومی پاور سیکٹر انوویشن پروگرام کا اجرا

پاکستان میں پہلی قومی پاور سیکٹر انوویشن پروگرام کا اجرا
اسلام آباد، 13 اگست: وزارت توانائی کے پاور ڈویژن نے پاکستان کے پہلے نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام کا باضابطہ اجرا کردیا ہے، جس کا مقصد ملک کے پاور سیکٹر کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے جدید اور عملی اقدامات کو فروغ دینا ہے۔
پروگرام کے لیے انوویشن ہب کے نام سے مخصوص ڈیجیٹل پلیٹ فارم بھی قائم کیا گیا ہے، جو نوجوانوں، محققین، جامعات، اسٹارٹ اپس، صنعت اور ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر لائے گا تاکہ توانائی کے شعبے میں جدید حل تیار کیے جا سکیں۔
پروگرام کے تحت قابل عمل اور امید افزا آئیڈیاز کی نشاندہی، جانچ، رہنمائی اور معاونت کی جائے گی جبکہ جدید تصورات اور تحقیقی کام کو آزمودہ اور قابل توسیع حل میں تبدیل کرنے پر توجہ دی جائے گی، جو پاور سیکٹر کو زیادہ موثر، قابل اعتماد اور پائیدار بنانے میں معاون ثابت ہو سکیں۔
حکومت نے آئندہ تین سال کے دوران پروگرام کے تحت ایک ارب روپے سے زائد مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ رقم رہنمائی، تکنیکی معاونت، پائلٹ منصوبوں کے نفاذ اور کامیاب اختراعات کو بڑے پیمانے پر متعارف کرانے کے لیے استعمال کی جائے گی۔
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹلائزیشن، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور نئے کاروباری ماڈلز کے باعث دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، اس لیے پاکستان کے پاور سیکٹر کو بھی زیادہ جدت، تخلیقی سوچ اور مسلسل بہتری کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ پاور سیکٹر میں اپنی نوعیت کا پہلا قومی ادارہ جاتی فریم ورک ہے، جس کے ذریعے جدید آئیڈیاز کی نشاندہی، جانچ، رہنمائی اور معاونت کرتے ہوئے انہیں عملی حل میں تبدیل کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے نوجوان پاکستانیوں کو پروگرام میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ، محققین، اسٹارٹ اپس اور نوجوان ماہرین پاور سیکٹر کے مسائل کے حل کے لیے اپنے جدید آئیڈیاز پیش کریں اور ملک کے توانائی کے مستقبل کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔
انوویشن ہب ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے شرکاء اپنے آئیڈیاز جمع کرا سکیں گے، جنہیں ابتدائی تصور اور تحقیق سے آگے بڑھاتے ہوئے رہنمائی، تکنیکی معاونت، پائلٹ منصوبوں اور کامیاب ہونے کی صورت میں قومی سطح پر نفاذ کے مراحل سے گزارا جائے گا۔
