پاکستان، بیلاروس کے درمیان دوطرفہ تعاون کے پروٹوکول اور میڈیا مفاہمتی یادداشت پر دستخط

پاکستان، بیلاروس کے درمیان دوطرفہ تعاون کے پروٹوکول اور میڈیا مفاہمتی یادداشت پر دستخط
اسلام آباد: پاکستان اور بیلاروس کے درمیان 9ویں مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور بیلاروس کے وزیر توانائی نے کی۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، صنعت، زراعت، افرادی قوت، سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر 9ویں مشترکہ وزارتی کمیشن کے متفقہ منٹس اور پروٹوکول پر دستخط کیے گئے، جس کے ذریعے اجلاس کے دوران طے پانے والے فیصلوں اور باہمی مفاہمت کو باضابطہ شکل دی گئی۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق تجارتی مسائل کے حل، نئے مواقع کی نشاندہی اور دونوں ممالک کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ برائے تجارت قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
خدمات کے شعبے میں دوطرفہ تجارتی معاہدے کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے جوائنٹ فزیبلٹی اسٹڈی گروپ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ پاکستان اور یوریشین اکنامک یونین کے درمیان آزادانہ تجارتی معاہدے کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت ہوئی اور فریقین نے مذاکرات کی جانب پیش رفت کی سفارش کو سراہا۔
اجلاس میں صنعتی تعاون، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پاکستان نے منظم اور باہمی طور پر طے شدہ طریقہ کار کے تحت پاکستانی افرادی قوت کو بیلاروس بھیجنے کی سہولت فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ اس اقدام سے بیلاروس کی معیشت کو افرادی قوت کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملنے کے ساتھ پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
زراعت کے شعبے میں دونوں ممالک نے سمندری خوراک، پھلوں، سبزیوں، بیجوں اور ڈیری مصنوعات کے حوالے سے آن لائن کاروباری رابطوں اور بی ٹو بی سیشنز منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔ زرعی نمائشوں، فوڈ میلوں اور باہمی کاروباری وفود میں شرکت بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں معیارات، ٹیسٹنگ اور مطابقت جانچنے کے طریقہ کار کی باہمی منظوری کے لیے کام آگے بڑھانے کی تجویز دی گئی۔ اس کے علاوہ واٹر کنزرویشن، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ سمیت جدید ٹیکنالوجیز میں تعاون بڑھانے پر بھی بات ہوئی۔
اجلاس کے موقع پر پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن اور بیلاروس کی نیشنل اسٹیٹ ٹیلی ویژن اینڈ ریڈیو کمپنی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔ یادداشت کے تحت دونوں ممالک کے میڈیا اداروں کے درمیان نشریاتی تعاون، مواد کے تبادلے اور پیشہ ورانہ روابط کو فروغ دیا جائے گا۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے، کاروباری روابط مضبوط بنانے، رابطہ کاری بہتر کرنے اور باہمی دلچسپی کے نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
