ہائیکورٹس میں ججوں کی تقرری کا معاملہ طے، صدر نے منظوری دے دی

*ہائیکورٹس میں ججوں کی تقرری کا معاملہ طے، صدر نے منظوری دے دی*
اسلام آباد۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے مختلف ہائی کورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری اور بعض ایڈیشنل ججز کی بطور مستقل ججز توثیق کی منظوری دے دی۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے لاہور ہائی کورٹ، سندھ ہائی کورٹ، پشاور ہائی کورٹ، اسلام آباد ہائی کورٹ اور بلوچستان ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کی منظوری دی جبکہ سندھ ہائی کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کے بعض ایڈیشنل ججز کی بطور مستقل ججز توثیق بھی کردی۔
صدر مملکت نے سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہوں، الاؤنسز اور پنشن کو وفاقی آئینی عدالت کے ججز کے مساوی کرنے اور ہائی کورٹ ججز کی رخصت، پنشن اور مراعات سے متعلق 1997 کے حکم میں ترامیم کی بھی منظوری دی۔
صدر مملکت نے ہارون اختر کو وزیراعظم کا مشیر برائے صنعت و پیداوار مقرر کرنے کی منظوری بھی دے دی۔
واضح رہے کہ ہائی کورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کی سمری صدر مملکت کے پاس زیرِ التوا تھی۔ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے 20 اور 21 جولائی کو ہونے والے اجلاسوں میں لاہور، سندھ، اسلام آباد اور بلوچستان ہائی کورٹس کے لیے مجموعی طور پر 19 ایڈیشنل ججز کے ناموں کی منظوری دی تھی۔ صدر کی منظوری میں تاخیر کے باعث 27 جولائی کو مقررہ حلف برداری کی تقریب بھی ملتوی ہوگئی تھی۔
اس دوران ہائی کورٹس میں ججز کی کمی کے باعث عدالتی امور بھی متاثر ہوئے۔ بالخصوص لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی، ملتان اور بہاولپور بنچز میں ججز کی دستیابی کا مسئلہ سنگین ہوگیا تھا۔
