پاکستان سکھ یاتریوں کیلئے عقیدت کا مرکز، بہترین سہولیات فراہم کررہے ہیں
پاکستان سکھ یاتریوں کے لیے عقیدت، احترام اور بہترین سہولیات کا مرکز ہے: رمیش سنگھ اروڑہ
لاہور (نمائندہ خصوصی)۔ پانچویں سکھ گورو، شری گورو ارجن دیو جی کے جوڑ میلہ کی مرکزی تقریب تاریخی گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب و پردھان پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دروازے دنیا بھر کی سکھ برادری کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں اور پاکستان سکھ قوم کے لیے مکہ و مدینہ جیسی روحانی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ سکھ یاتریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں موجود تقریباً 50 گوردواروں کو مرحلہ وار کھولنے کے لیے اقدامات جاری ہیں جبکہ ابتدائی مرحلے میں 17 گوردواروں کی بحالی اور انہیں فعال بنانے پر کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں موجود مندروں کی بحالی اور تزئین و آرائش کا عمل بھی جاری ہے تاکہ اقلیتوں کے مذہبی ورثے کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ سکھوں کی جنم بھومی پاکستان ہے اور یہ سکھ قوم کا پہلا گھر بھی ہے۔ انہوں نے سکھ یاتریوں کے لیے مثالی انتظامات پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمرالزمان اور ایڈیشنل سیکرٹری ناصر مشتاق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے رہائش، لنگر، ٹرانسپورٹ، طبی امداد اور دیگر سہولیات کے بہترین انتظامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق یاتریوں کی سہولت اور تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر متروکہ وقف املاک بورڈ، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے فول پروف سکیورٹی انتظامات بھی یقینی بنائے گئے۔
یاتریوں کا اظہار تشکر
بھارتی سکھ جتھہ لیڈر سردار بھوپندر سنگھ نے پاکستان میں کیے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ رہائش، لنگر، ٹرانسپورٹ اور طبی سہولیات قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گوردواروں کی دیکھ بھال اور یاتریوں کے لیے فراہم کردہ سہولیات مثالی ہیں۔ سکھ یاتریوں نے حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مذہبی مقامات پہلے سے زیادہ خوبصورت، محفوظ اور پرامن ہیں جبکہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پاکستان کے اقدامات قابلِ تعریف ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 10 روزہ یاترا مکمل کرنے کے بعد بھارتی سکھ یاتری 19 جون کو اپنے وطن واپس روانہ ہوں گے۔
