آزاد کشمیر انتخابات: 12 نشستوں کا خاتمہ انتخابی عمل کو سبوتاژ کرے گا، خواجہ آصف

اسلام آباد (دوست نیوز رپورٹ) — وفاقی وزیر برائے دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ 27 جولائی کو آزاد کشمیر میں انتخابات منعقد ہوں گے، ایکشن کمیٹی کی جانب سے پاکستان سے منتخب ہونے والی آزاد کشمیر اسمبلی کی 12 نشستوں ختم کرنے کا مطالبہ انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔
خواجہ آصف کا سوشل میڈیا بیان
جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ جمہوری سوچ کا تقاضا ہے کہ جو لوگ یہ مطالبہ کر رہے ہیں وہ اس کو 27 جولائی کو عوام کے سامنے رکھیں اور خلق خدا کو یہ فیصلہ کرنے دیں اور نمائندگی کی شکل تشکیل کرنے دیں، یہ جمہوری سوچ ہو گی ورنہ یہ بلیک میلنگ تصور ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ شہر و تحصیل سے کشمیر اسمبلی کی ایک سیٹ ہے اور پاکستان قومی اسمبلی کی دو نشستیں ہیں جبکہ باقی پاکستان میں کشمیر اسمبلی کے حلقے پھیلے ہوئے ہیں۔ یہاں کشمیری مہاجروں کی زیادہ تعداد جموں سے ہے۔ اکتوبر 1947 میں مہاجر دو لاکھ سے زائد جانوں کی قربانی دے کر سیالکوٹ شہر اور تحصیل میں آکر بسے۔ لاکھوں عصمتیں لٹیں ہزاروں بیٹیاں اغوا ہوئیں۔ آپ کس طرح ان مہاجروں کو ان کے حق سے محروم کر سکتے ہیں۔
کشمیری مہاجرین کی نمائندگی کا سوال
خواجہ آصف نے کہا کہ کئی دہائیاں ان مہاجروں نے نہایت کسمپرسی کی حالت میں گزاریں، زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم رہے۔ ان لوگوں نے آزادی کی بہت مہنگی قیمت ادا کی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی رائے کو تسلیم کرانے کے لیے جمہوری رستہ اپنائیں۔
