پٹرول اور ڈیزل 22 روپے سستا
وزیراعظم کا عوام کے لیے بڑا ریلیف، پٹرول اور ڈیزل 22 روپے سستا کرنے کا فیصلہ
حکومت کا عید کے موقع پر عوام کے لیے بڑا اعلان، وزیراعظم نے کہا وعدہ کیا تھا جیسے ہی گنجائش ملی ریلیف دیں گے۔
وفاقی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22، 22 روپے کمی کا فیصلہ کر لیا، وزیراعظم شہباز شریف کہتے ہیں عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
لاہور: وفاقی حکومت نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22 روپے فی لیٹر کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عید کے تیسرے دن عوام کے لیے ریلیف کا اعلان کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ پٹرول کی قیمت میں 22 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں بھی 22 روپے کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ جیسے ہی مالی گنجائش پیدا ہوگی، عوام کو ریلیف دیا جائے گا، اور حکومت نے اس وعدے پر عمل کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ہفتے بھی عوام کو ریلیف دیا گیا تھا اور پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔ وفاقی حکومت سخت معاشی حالات کے باوجود عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ، گڈز ٹرانسپورٹ، موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والے شہریوں کے لیے فیول پر سبسڈی فراہم کی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ خطے کے بعض ممالک میں جب پٹرول کے حصول کے لیے قطاریں لگی ہوئی تھیں، پاکستان میں وزیراعظم کے بروقت اقدامات کے باعث پٹرول اور ڈیزل کی دستیابی برقرار رہی۔
بیان کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے اور دنیا میں توانائی بحران کے دوران بھی حکومت نے عوام پر مکمل بوجھ منتقل کرنے کے بجائے 130 روپے سے زائد کی سبسڈی فراہم کر کے قیمتوں میں اضافے کو روکنے کی کوشش کی۔
حکومتی فیصلے کے بعد توقع ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی سے ٹرانسپورٹ اخراجات، روزمرہ اشیائے ضروریہ کی ترسیل اور عام شہریوں کے سفری اخراجات میں کمی میں مدد ملے گی۔
www.dostmarketing.pk
www.dostnews.com
www.thereportdigital.com
