پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلیمی تعلقات میں غیر معمولی پیش رفت ہوئی ہے، وجیہہ قمر
اسلام آباد (دوست نیوز): وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلیمی تعاون خطے میں علمی روابط کی ایک نئی مثال بن رہا ہے اور عوامی و تعلیمی رابطے دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
اے پی پی کے مطابق بنگلہ دیشی وفد کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلیمی تعاون کو مزید نئی بلندیوں تک لے جایا جائے گا۔
وجیہہ قمر نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش نالج کوریڈور دونوں برادر ممالک کے درمیان علمی، تحقیقی اور ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صرف 6 ماہ میں دونوں ممالک کے تعلیمی تعلقات میں غیر معمولی پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔
وزیر مملکت کے مطابق بنگلہ دیش کے مختلف شہروں میں پاکستانی جامعات کی ہائر ایجوکیشن ایکسپو کو شاندار پذیرائی ملی، جبکہ آئندہ ایکسپو میں پاکستان کی 20 جامعات شرکت کریں گی۔ پاکستانی جامعات کی جانب سے پیش کی گئی 500 مکمل اسکالرشپس کے لیے 1400 سے زائد بنگلہ دیشی طلبہ نے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 74 بنگلہ دیشی طلبہ پاکستان پہنچ کر مختلف جامعات میں زیر تعلیم ہیں، جبکہ بنگلہ دیش کے سینئر سول سرونٹس لاہور میں ایگزیکٹو لیڈرشپ ٹریننگ پروگرام مکمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے بنگلہ دیشی طلبہ کے لیے دوسرے مرحلے میں مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا بھی اعلان کیا۔
وجیہہ قمر نے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ تحقیق، فیکلٹی ایکسچینج پروگرامز اور ڈیجیٹل لرننگ کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے، جبکہ عوامی روابط ہی قوموں کے تعلقات کو مضبوط، پائیدار اور دیرپا بناتے ہیں۔
