اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ حالیہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔انہوں نے یہ ہدایت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی (این پی ایم سی) کے آن لائن اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی ۔اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے ضروریہ پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ بڑے شہری مراکز میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں اوسطاً 25 سے 30 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، بعض روٹس پر یہ اضافہ 50 فیصد تک بھی رپورٹ ہوا ہے۔اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے صوبائی حکام کو ہدایت دی کہ ٹرانسپورٹ محکمے 24 گھنٹوں کے اندر نظرثانی شدہ کرایہ نامے جاری کریں اور ان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔انہوں نے زور دیا کہ حکومتی سبسڈی کا فائدہ ٹرانسپورٹرز کی من مانی اضافوں سے ضائع نہیں ہونا چاہیے۔احسن اقبال نے چیف سیکرٹریز کو ہدایت دی کہ وہ کرایوں کے تعین اور عملدرآمد کے لیے صوبائی ٹرانسپورٹ سیکرٹریز کو واضح ذمہ داریاں سونپیں۔انہوں نے فیلڈ میں سخت نگرانی، اچانک معائنوں اور اوورچارجنگ کی جانچ کے لیے مؤثر نظام قائم کرنے پر بھی زور دیا۔وفاقی وزیر نے خبردار کیا کہ لاجسٹکس اخراجات میں اضافے کے باعث اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں دوسرے مرحلے کا اثر بھی سامنے آ سکتا ہےاس لیے ضروری اشیاء کی ہفتہ وار نگرانی کی جائے۔این پی ایم سی آئندہ ایک ماہ کے دوران ہفتہ وار اجلاس منعقد کرے گی تاکہ قیمتوں کی صورتحال کا قریب سے جائزہ لیا جا سکے۔پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کو ہدایت دی گئی کہ وہ ضلعی سطح پر قیمتوں کی ہفتہ وار درجہ بندی فراہم کرے تاکہ غیر معمولی رجحانات کی نشاندہی کر کے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔وفاقی وزیر نے مزید ہدایت دی کہ مارکیٹ کمیٹیاں اور ضلعی انتظامیہ تھوک و پرچون قیمتوں کو کنٹرول کریں اور منافع کی شرح پر نظر رکھیں تاکہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کو روکا جا سکے۔ٹماٹر، پیاز، آلو، گندم، چاول اور دالوں سمیت اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے پر خاص زور دیا گیا۔حکومتی سبسڈی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کا حقیقی فائدہ عوام تک پہنچنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر سبسڈی مکمل طور پر قیمتوں میں اضافے کی صورت میں منتقل ہو جائے تو اس کا مقصد ہی ختم ہو جاتا ہے۔اجلاس میں یوریا کھاد کی ملکی و عالمی قیمتوں میں فرق پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور اسمگلنگ کے خدشے سے خبردار کیا گیا۔احسن اقبال نےوزارت داخلہ اور صوبائی حکام کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی تاکہ اسمگلنگ روکی جا سکے اور کسانوں کے لیے کھاد کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا آن لائن اجلاس
Govt. Scheme
PHA Flats
Affordable Housing · Pakistan
🏠 1 & 2 Bed
✅ Easy Installments
🏛️ Govt. Approved
Starting from PKR 35 Lac
Enquire Now
0300-7880786
Dost Marketing



