ڈی جی خان ایئرپورٹ کی اپ گریڈیشن پر کام شروع، سردار اویس
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)۔ وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے ڈی جی خان ایئرپورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کے لئے اپ گریڈ کرنے کے اعلان پر عملی کام شروع ہو چکا ہے، ساڑھے پانچ ارب روپے کی لاگت سے ایئرپورٹ کا توسیعی منصوبہ جنوری 2028 میں مکمل کیا جائے گا۔
اہم نکات
- ڈی جی خان ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے پر ساڑھے پانچ ارب روپے لاگت آئے گی۔
- منصوبہ جنوری 2028 تک مکمل ہوگا جس سے جنوبی پنجاب میں ترقی کے نئے راستے کھلیں گے۔
- حکومت بجلی چوری روکنے کے لیے ٹرانسفارمرز پر اے پی ایم ایس (APMS) سسٹم نصب کر رہی ہے۔
- 30 فیصد سے زائد لائن لاسز والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کا عمل جاری رہے گا۔
ڈی جی خان ایئرپورٹ اور ترقیاتی منصوبوں کی تفصیل
ڈی جی خان ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے جائزہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) کی ٹیمیں منصوبے پر کام کر رہی ہیں اور ایئرپورٹ کے رن وے کی توسیع سمیت مختلف امور پر پیشرفت جاری ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے رن وے کی توسیع کے کام کا معائنہ کیا اور منصوبے پر جاری پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان ایئرپورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کے لئے اپ گریڈ کرنے سے علاقے کے عوام کو سفری سہولیات میسر آئیں گی اور جنوبی پنجاب میں ترقی و خوشحالی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے ڈی جی خان کی ترقی کے لئے چار اہم منصوبوں کا اعلان کیا تھا جن میں ایئرپورٹ کی توسیع، کینسر ہسپتال کا قیام، سیوریج کا طویل المدتی منصوبہ اور سڑکوں کی توسیع و کشادگی شامل ہیں۔ سیوریج کا منصوبہ آئندہ 50 سال کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جا رہا ہے جبکہ سڑکوں کی بہتری اور کشادگی سے شہریوں کو آمدورفت میں آسانی میسر آئے گی۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے علاقے میں بنیادی سہولیات بہتر ہوں گی۔
بجلی کی لوڈشیڈنگ اور چوری کی روک تھام
ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ طے شدہ منصوبے کے مطابق کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران امریکا کشیدگی کے باعث گیس کی فراہمی اور دستیابی سے متعلق پیدا ہونے والی مشکلات بجلی کی پیداواری لاگت پر اثر انداز ہو رہی ہیں جس کے باعث مہنگے ذرائع سے بجلی کی پیداوار کے مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی چوری اور لائن لاسز پر قابو پانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرا رہی ہے۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں ٹرانسفارمرز پر (اے پی ایم ایس) نصب کیا جا رہا ہے جس کا مقصد بجلی چوری کی نشاندہی کرکے متعلقہ علاقوں میں موثر کارروائی کرنا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اے پی ایم ایس کے ذریعے بجلی چوری والے مخصوص علاقوں کے ٹرانسفارمرز کی نشاندہی اور ضرورت کے مطابق انہیں بند کیا جا سکے گا تاکہ بجلی چوری کرنے والے صارفین کے خلاف کارروائی کے نتیجے میں پورے فیڈر کے ہزاروں بجلی صارفین کو متاثر نہ ہونا پڑے۔ اس جدید نظام سے بجلی چوری کی روک تھام، لائن لاسز میں کمی اور بجلی کی تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ سردار اویس احمد خان لغاری نے واضح کیا کہ 30 فیصد یا اس سے زائد نقصانات والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہے گا اور بجلی چوری کرنے والوں یا بجلی کے بل ادا نہ کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کے نظام میں بہتری، نقصانات میں کمی اور صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ قبل ازیں پراجیکٹ ڈائریکٹر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے وفاقی وزیر کو ائیر پورٹ کے توسیعی منصوبے بارے بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر نے ائیر پورٹ توسیعی منصوبے پر شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی سردار عمار لغاری، رکن صوبائی اسمبلی علی یوسف لغاری اور دیگر موجود تھے۔ پاکستان ایران سرحد پر تجارتی سرگرمیاں اور دیگر توانائی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بجلی کی ترسیل کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اہم سوالات و جوابات
ڈی جی خان ایئرپورٹ کا توسیعی منصوبہ کب مکمل ہوگا؟
وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری کے مطابق، ڈی جی خان ایئرپورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے اپ گریڈ کرنے کا توسیعی منصوبہ جنوری 2028 میں مکمل کیا جائے گا۔
بجلی چوری کی روک تھام کے لیے حکومت کیا کر رہی ہے؟
حکومت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ٹرانسفارمرز پر اے پی ایم ایس (APMS) سسٹم نصب کر رہی ہے جس سے بجلی چوری کرنے والے مخصوص صارفین کی نشاندہی اور کارروائی ممکن ہوگی۔
