لاہور پریس کلب اسنوکر رینکنگ ٹورنامنٹ، حافظ عمران نے میلہ لوٹ لیا

لاہور پریس کلب اسنوکر رینکنگ ٹورنامنٹ، حافظ عمران نے میلہ لوٹ لیا
لاہور (رپورٹ: محمد اقبال ہارپر) لاہور پریس کلب سپورٹس کمیٹی کے زیر اہتمام جشن آزادی اسنوکر رینکنگ ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوگیا، حافظ عمران نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں حارث منیر کو دو، صفر سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
فائنل کے مہمان خصوصی معروف انٹرنیشنل فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی نے کامیاب کھلاڑیوں میں کیش انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سیکریٹری افضال طالب، جوائنٹ سیکریٹری عمران شیخ، خزانچی سالک نواز، سپورٹس کمیٹی کے ارکان محمد اقبال ہارپر، رفیق خان اور عبدالرؤف خان سمیت دیگر عہدیداران اور صحافی موجود تھے۔
ممبر گورننگ باڈی سرمد خواجہ، احمد رضا، سینئر صحافی رئیس انصاری، ٹھاکر لاہوری، طاہر بخاری، زین مدنی، معروف اداکار نورالحسن (تمغہ امتیاز)، حسن مراد، گوشی خان، وسیم نیاز، صداقت مغل اور جونئیر ورلڈ چیمپئن احسن رمضان سمیت دیگر شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر مہمان خصوصی محمود بھٹی نے کہا کہ لاہور پریس کلب ثقافتی اور صحافتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اب کھیلوں کا بھی مرکز بن گیا ہے۔ صحافیوں کے لیے صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے انعقاد میں ان کا تعاون ہمیشہ جاری رہے گا۔
لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے جشن آزادی کے موقع پر اسنوکر ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین عمران شیخ اور تمام ارکان کو مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ کلب ممبران کے لیے کھیلوں کی سرگرمیاں نہایت ضروری ہیں۔ امید ہے سپورٹس کمیٹی اسنوکر کے بعد دیگر کھیلوں کے مقابلوں کا بھی انعقاد کرے گی۔
ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر کھلاڑیوں اور کلب ممبران نے سپورٹس کمیٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
