سپریم کورٹ: عمران خان سے بہنوں کی ملاقات بنیادی حق، میڈیکل ریکارڈ اور ملاقاتوں کی تفصیلات طلب

سپریم کورٹ: عمران خان سے بہنوں کی ملاقات بنیادی حق، میڈیکل ریکارڈ اور ملاقاتوں کی تفصیلات طلب
اسلام آباد: سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی سے اہل خانہ کی ملاقات اور ان کے طبی ریکارڈ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس دوران عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس، گزشتہ تین برس کے دوران ہونے والی ملاقاتوں اور بچوں سے ٹیلی فونک رابطے سے متعلق ریکارڈ طلب کرلیا۔
سماعت کے دوران جسٹس شاہد وحید نے ریمارکس دیے کہ بانی پی ٹی آئی سے ان کی بہنوں کی ملاقات کوئی احسان نہیں بلکہ ان کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایات پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا جا رہا؟
جسٹس شاہد وحید نے ریمارکس دیے کہ ریاست کا کام یہ نہیں کہ وہ خود قانون کی خلاف ورزی کرے۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر کوئی قانون کی خلاف ورزی کرے گا تو اس سے ملاقات نہیں ہوگی۔
جسٹس شاہد وحید نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ اگر کوئی قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہے تو کیا ریاست بھی قانون کی خلاف ورزی کرے گی؟
سماعت کے دوران عدالت نے بانی پی ٹی آئی کا طبی ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔ جسٹس شاہد وحید نے سوال کیا کہ بانی پی ٹی آئی کا میڈیکل ریکارڈ فراہم کرنے میں کیا مسئلہ ہے؟
بانی پی ٹی آئی کے وکیل عزیز بھنڈاری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اگر طبی ریکارڈ عدالت میں پیش کیا گیا تو وہ خفیہ نہیں رہے گا۔ انہوں نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس رپورٹ کے بعد صورتحال مزید تشویشناک ہوگئی ہے۔
جسٹس نعیم افغان نے ریمارکس دیے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو ان سے ملاقات کی اجازت دی جائے، وہ میڈیا سے بات نہیں کریں گی۔
جسٹس نعیم افغان نے مزید کہا کہ یہ بات بھی طے ہونی چاہیے کہ تحریک انصاف بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر سیاست نہیں کرے گی۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس کے علاوہ گزشتہ تین سال کے دوران ان سے ہونے والی ملاقاتوں کا مکمل ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔
سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو ان کے بچوں سے ٹیلی فون پر بات کرانے سے متعلق ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔
سماعت کے دوران عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے اہل خانہ کی ملاقات، ان کے طبی ریکارڈ اور جیل میں ملاقاتوں کے طریقہ کار سے متعلق معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے تمام مطلوبہ ریکارڈ طلب کرلیا۔
