سعودی عرب کی سفارتی کوششوں سے خطہ بڑے تصادم سے بچ گیا، ایران اور امریکہ سے رابطے جاری

سعودی عرب کی سفارتی کوششوں سے خطہ بڑے تصادم سے بچ گیا، ایران اور امریکہ سے رابطے جاری
ریاض (نمائندہ خصوصی): سعودی عرب نے خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت خطے کے تمام ممالک اور عوام کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے فعال کردار ادا کرتی رہے گی۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلی فونک گفتگو میں خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے سفارتی رابطے جاری رکھے گا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان ایران سے متعلق معاملات میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے یہ بیان ایران کے ساتھ دو معاہدوں کا اعلان کرتے ہوئے دیا، جن میں ایک آبنائے ہرمز اور دوسرا ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق بتایا گیا۔
سرکاری سعودی میڈیا کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں مذاکرات اور سفارتی ذرائع کو ترجیح دینے پر زور دیا گیا۔
ولی عہد نے کہا کہ امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام ممکنہ سفارتی اقدامات بروئے کار لانا ضروری ہیں تاکہ ایسے مثبت حل کی راہ ہموار ہو سکے جو خطے کے امن و سلامتی کو یقینی بنائے اور کسی بڑے علاقائی یا عالمی تصادم سے بچا جا سکے۔
