وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا کامریڈ شاہد عثمانی کے انتقال پر اظہارِ افسوس
اسلام آباد (اے پی پی)۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی سابق سیکریٹری جنرل اور ممبر فیڈرل ایگزیکٹو کونسل (ایف ای سی) فوزیہ شاہد کے شوہر کامریڈ شاہد عثمانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کامریڈ شاہد عثمانی کے انتقال کی خبر سن کر دلی افسوس ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی صحافتی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مرحوم شاہد عثمانی نے اپنی زندگی اصولوں، جمہوری اقدار اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد میں گزاری۔
عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں فوزیہ شاہد، اہل خانہ اور تمام پسماندگان کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ حوصلے اور صبر کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ آمین
