پی سی بی اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کا معاہدہ: جدہ میں جدید کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کا اعلان
اسلام آباد (اے پی پی)۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کے تحت جدہ میں بین الاقوامی معیار کا ایک جدید کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق، اس اہم معاہدے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن شہزادہ سعود بن مشعل بن عبد العزیز نے دستخط کیے۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ جدہ میں تعمیر ہونے والا یہ جدید کرکٹ سٹیڈیم بین الاقوامی مقابلوں کے تمام تقاضوں کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن مشترکہ طور پر کرکٹ کے انفراسٹرکچر کی ترقی، آپریشنل معیارات کو بہتر بنانے اور کھیل کے فروغ کے مختلف شعبوں میں کام کریں گے۔ ان کے مطابق، پی سی بی سعودی عرب میں کرکٹ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے اور اس شراکت داری سے دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
محسن نقوی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاک سعودی تعاون کے تحت نہ صرف جدید اور مربوط کرکٹ انفراسٹرکچر کی تعمیر کی جائے گی بلکہ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ اور کھلاڑیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
دوسری جانب، چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن شہزادہ سعود نے کہا کہ یہ شراکت داری صرف ایک کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر تک محدود نہیں رہے گی، بلکہ یہ سعودی عرب میں کرکٹ کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔بی بی سی اردو کے مطابق، اس معاہدے سے خطے میں کرکٹ کے کھیل کو نئی جہت ملے گی۔
