پاکستان نے سہ فریقی ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا، فائنل میں سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست
پاکستان نے سہ فریقی ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا، فائنل میں سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست
*لاہور (3D میڈیا)* پاکستان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سہ فریقی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل جیت لیا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فیصلہ کن مقابلے میں پاکستان نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
پاکستان نے 326 رنز کا مشکل ہدف 48.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ قومی ٹیم کی کامیابی میں فخر زمان نے مرکزی کردار ادا کرتے ہوئے 99 گیندوں پر 127 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔
پاکستان کو ہدف کے تعاقب میں ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، تاہم فخر زمان اور سعد بیگ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 149 رنز بنا کر ٹیم کو سنبھالا دیا۔ سعد بیگ نے 75 گیندوں پر 74 رنز بنائے۔
فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد عارفات منہاس نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے محض 31 گیندوں پر 61 رنز اسکور کیے، جبکہ حسن نواز نے 37 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ دونوں بلے بازوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 94 رنز جوڑ کر پاکستان کی فتح کی راہ ہموار کی۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے چھکا لگا کر پاکستان کو تاریخی کامیابی دلائی۔
اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے تھے۔ کامندو مینڈس نے 128 گیندوں پر 131 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ پون رتھنائیکے نے 77 رنز بنائے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 146 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
فخر زمان کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جبکہ عارفات منہاس ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
پاکستان نے اس کامیابی کے ساتھ 2008 کے بعد پہلی مرتبہ ون ڈے سہ فریقی سیریز کا ٹائٹل جیتا ہے۔ پاکستان کا 326 رنز کا ہدف حاصل کرنا ون ڈے انٹرنیشنل فائنل میں مشترکہ طور پر سب سے بڑا کامیاب رن چیز بھی ہے۔
