ملتان کے قریب رحمان بابا ایکسپریس حادثے کا شکار، 4 افراد جاں بحق، 30 سے زائد زخمی

ملتان کے قریب رحمان بابا ایکسپریس حادثے کا شکار، 4 افراد جاں بحق، 30 سے زائد زخمی
ملتان: کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس منگل کی صبح ملتان کے قریب شیر شاہ پل کے مقام پر حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ صبح تقریباً 5 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا، جب ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرین کی تمام 15 بوگیاں پٹری سے اترنے کی اطلاع ہے۔ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔
ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر مسافروں کو متاثرہ بوگیوں سے نکالنے کا عمل شروع کیا، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے نشتر اسپتال ملتان منتقل کیا گیا۔ بعض مسافروں کے متاثرہ بوگیوں میں پھنسے ہونے کی اطلاعات کے بعد امدادی کارروائیاں جاری رکھی گئیں۔
حادثے کے بعد ریلوے ٹریفک بھی متاثر ہوئی۔ ریلوے حکام کی جانب سے واقعے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کیے جانے کا امکان ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے فوری انکوائری کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
