بھلوال میں نیشنل پارٹی کی پہلی تنظیم سازی، علی رضا آرگنائزر مقرر

*بھلوال میں نیشنل پارٹی کی پہلی تنظیم سازی، علی رضا آرگنائزر مقرر*
بھلوال (سرگودھا): نیشنل پارٹی پنجاب کے زیر اہتمام ضلع سرگودھا کے شہر بھلوال میں شمولیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینیٹر جان محمد بلیدی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ تقریب کی صدارت نیشنل پارٹی پنجاب کے صدر ایوب ملک نے کی۔ تقریب کے دوران بھلوال کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت علی رضا کو نیشنل پارٹی بھلوال کا آرگنائزر مقرر کر دیا گیا۔

تقریب کی نظامت نیشنل پارٹی پنجاب کے سینئر نائب صدر ملک نذیر نے کی، جنہیں پارٹی قیادت نے ضلع سرگودھا میں تنظیم سازی کی ذمہ داری سونپی ہے۔ تقریب کے اہم مقررین میں ناصر زیدی بھی شامل تھے۔

نیشنل پارٹی پنجاب کے صدر ایوب ملک نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی مشاورت سے علی رضا کی بطور آرگنائزر تقرری کا اعلان کیا۔ مہمان خصوصی سینیٹر جان محمد بلیدی نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے افراد کو نیشنل پارٹی کے پرچم پہنائے اور انہیں پارٹی خاندان کا حصہ بننے پر مبارکباد دی۔

ایوب ملک نے اپنے خطاب میں نیشنل پارٹی کی تاریخ، سیاسی جدوجہد اور کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے نیشنل پارٹی گجرات کے صدر زاہد اقبال ڈوگا کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت سے گجرات کے ساتھ ضلع سرگودھا میں بھی پارٹی اپنی تنظیمی بنیادیں مضبوط کر رہی ہے۔

ناصر زیدی نے اپنے خطاب میں مظلوم طبقات اور محکوم اقوام کو درپیش مسائل اور ان پر ہونے والے مظالم سے شرکا کو آگاہ کیا۔ انہوں نے ان طبقات کے حقوق اور مسائل کو اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
تقریب کے اختتام پر نیشنل پارٹی گجرات کے صدر زاہد اقبال ڈوگا نے شرکت کرنے والے تمام رہنماؤں، کارکنوں اور دیگر احباب کا شکریہ ادا کیا۔ بھلوال میں اس تقریب کو ضلع سرگودھا میں نیشنل پارٹی کی تنظیم سازی اور سیاسی سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
