مرکزی مواد پر جائیں
☀️ اسلام آباد: 26°C
جمعرات، 8 اکتوبر 2026
تازہ ترین
📊 ریٹ
USD/PKR 277.08 EUR/PKR 310.30 GBP/PKR 366.25 سونا/تولہ 428,718 PKR KSE-100 78,400 Bitcoin $83,088 USD/PKR 277.08 EUR/PKR 310.30 GBP/PKR 366.25 سونا/تولہ 428,718 PKR KSE-100 78,400 Bitcoin $83,088
قومی

وزیراعظم شہباز شریف کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات

📅 جمعرات، 08 اکتوبر 2026 ✍️ Dost news ⏱ 5 منٹ
تصویر
f 𝕏 ✈ شیئر کریں
f 𝕏
✓ لنک کاپی ہو گیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے موثر، جامع اور نمائندہ اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے وقت میں جب کثیرالجہتی نظام کو اہم چیلنجز درپیش ہیں، اقوام متحدہ کا موثر کردار مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا خیرمقدم کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے منشور، کثیرالجہتی نظام، بین الاقوامی قانون، مکالمے اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے سیکرٹری جنرل کے اصولی عزم کو سراہا۔ انہوں نے عالمی امن و سلامتی کے لیے سیکرٹری جنرل کی نمایاں خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

اصلاحات اور قیام امن پر زور

وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل کے UN80 اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے زور دیا کہ اقوام متحدہ میں اصلاحات ترقی پذیر ممالک کی ترجیحات کے مطابق ہونی چاہئیں جبکہ تنازعات کی روک تھام، تنازعات کے پرامن حل اور قیام امن کے عمل کو مزید مضبوط بنایا جانا چاہیے۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے امن مشنز کے لیے پاکستان کے دیرینہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی امن و سلامتی کے قیام کے لیے پاکستان کی مسلسل خدمات کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی فورسز پہلے سے موجود ہیں، جس طرح پاکستان عالمی امن کے لیے ہر سطح پر کردار ادا کر رہا ہے۔

علاقائی تنازعات اور سفارتی کوششیں

وزیراعظم نے مکالمے اور کشیدگی میں کمی کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو اجاگر کیا جن میں امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی میں پاکستان کا کردار بھی شامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تنازعات کے حل اور کشیدگی میں اضافے کی روک تھام کے لیے مکالمہ اور سفارت کاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہے۔ وزیراعظم نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے تنازع کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے اور اسے یکطرفہ طور پر التواء میں رکھنے کا بھارت کا فیصلہ کسی قانونی بنیاد کا حامل نہیں۔

افغانستان، فلسطین اور معاشی چیلنجز

وزیراعظم نے اس امر پر بھی زور دیا کہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی اور افغان سرزمین پر دہشت گرد گروہوں کی موجودگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان گروہوں کے خلاف ٹھوس اور قابل تصدیق اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور ان کی ریاست کے قیام کے حق کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے غزہ امن منصوبے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 پر عملدرآمد کے لیے پاکستان کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے ترقی پذیر ممالک کو ترقی اور موسمیاتی لچک کے فروغ کے لیے کم لاگت اور رعایتی مالی وسائل تک زیادہ سے زیادہ رسائی فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

سیکرٹری جنرل کا اظہارِ اطمینان

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ اور عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات کو سراہا جن میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کا اہم کردار اور سلامتی کونسل میں اس کی تعمیری شمولیت شامل ہے۔ سیکرٹری جنرل نے مکالمے، ثالثی اور کشیدگی میں کمی کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا اور کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد و اصولوں کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم کا خیرمقدم کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

ٹیگز: #اقوام متحدہ #انتونیو گوتریس #سفارت کاری #شہباز شریف #کشمیر
SPONSORED — Dost Marketing

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں