اسلام آباد پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن، منشاء گینگ کا سرغنہ دو ساتھیوں سمیت گرفتار

ایس ایچ او ندیم طاہر کی تعیناتی کے بعد تھانہ کراچی کمپنی کی کارکردگی میں نمایاں بہتری، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مسلسل کارروائیوں سے امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے لگی
اسلام آباد (دوست نیوز): تھانہ کراچی کمپنی میں ایس ایچ او ندیم طاہر کی تعیناتی کے بعد پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مسلسل اور مؤثر کریک ڈاؤن، فوری پولیس رسپانس، انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں اور گشت کے نظام کو مزید فعال بنانے کے نتیجے میں علاقے میں جرائم کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات تیز ہو گئے ہیں۔ اسی سلسلے میں تھانہ کراچی کمپنی پولیس نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث تین رکنی "منشاء گینگ” کے سرغنہ منشاء مسیح کو اس کے دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی ایس ایچ او ندیم طاہر کی نگرانی میں اے ایس آئی سجاد انجم اور ان کی ٹیم نے کامیاب حکمت عملی کے تحت انجام دی۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا چوری شدہ سامان برآمد کیا گیا، جس میں ایک چوری شدہ موٹر سائیکل، گاڑیوں سے چرائی گئی بیٹریاں، الیکٹرک کیبلز اور وارداتوں میں استعمال ہونے والے مختلف آلات شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور توقع ہے کہ دورانِ تفتیش چوری اور دیگر جرائم کی مزید وارداتوں کے بارے میں اہم انکشافات سامنے آئیں گے، جبکہ دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ کراچی کمپنی کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی اسی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ حالیہ عرصے میں پولیس کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں سے عوام میں احساسِ تحفظ مضبوط ہو رہا ہے، جبکہ پولیس نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دے کر امن و امان کے قیام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔



