مرکزی مواد پر جائیں
☀️ اسلام آباد: 26°C
منگل، 13 اکتوبر 2026
تازہ ترین
📊 ریٹ
USD/PKR 276.92 EUR/PKR 309.35 GBP/PKR 366.00 سونا/تولہ 431,671 PKR KSE-100 78,400 Bitcoin $83,176 USD/PKR 276.92 EUR/PKR 309.35 GBP/PKR 366.00 سونا/تولہ 431,671 PKR KSE-100 78,400 Bitcoin $83,176
دین

واقعہ کربلا: حر بن یزید کی توبہ، شجاعت اور شہادت کا انقلابی سفر

📅 پیر، 22 جون 2026 ✍️ Dost news ⏱ 10 منٹ
تصویر
f 𝕏 ✈ شیئر کریں
f 𝕏
✓ لنک کاپی ہو گیا

کربلا کا وسیع و عریض صحرا، جو تاریخ کے اوراق میں اپنے اندر گہرے راز سموئے ہوئے ہے، وہاں دو قافلوں کا ملنا ایک معمولی واقعہ نہیں تھا۔ ایک قافلہ کوفہ کی جانب رواں تھا اور دوسرا کوفہ سے لوٹ رہا تھا۔ کوفہ سے آنے والے نے جانے والوں کو روک دیا اور یوں وہ سب کربلا کے دامن میں آ کر ٹھہر گئے، جہاں قاب قوسین کے وارث، امام عالی مقام، نے تمام جہانوں کی بلندیاں اپنے قدموں تلے سمیٹ لیں۔ یہ کربلا کی وہ داستان ہے جسے سطحی ذہن سمجھ نہیں پاتے۔

کربلا کی زمین نے ایسے واقعات دیکھے کہ جنت کے سردار، حضرت امام حسین علیہ السلام، کو روکنے والا بالآخر اسی سردار کے قدموں میں جان نچھاور کر کے جنت کا حقدار بن گیا۔ یہ وہ منفرد کردار ہے حر بن یزید ریاحی کا، جنہوں نے امام حسین علیہ السلام سے حقیقی آزادی خریدی۔ تہذیب کربلا کو سمجھنے کے لیے اس انقلابی شخصیت کا مطالعہ نہایت ضروری ہے۔

حر بن یزید ریاحی کا نسب اور خاندان

دنیائے عرب میں جہاں خاندان کی بنیاد پر تعارف استوار ہوتا ہے، وہاں حر بن یزید کا مکمل نسبی سلسلہ یوں بیان کیا جاتا ہے: "حر بن یزید بن ناجیہ بن قعنَب بن عتّاب بن حارث بن عمرو بن ہمام الریاحی الیربوعی التمیمی”۔ ان کا تعلق قبیلہ بنو تمیم کی ایک ممتاز شاخ بنو ریاح بن یربوع سے تھا۔ مورخین کے مطابق، حر کا خاندان اسلام اور قبل از اسلام دونوں ادوار میں وادی کوفہ کے معزز اور ممتاز خاندانوں میں شمار ہوتا تھا۔ ان کے والد یزید بن ناجیہ، اپنے قبیلے کے سردار تھے اور اسی سبب سے حر کو کوفہ میں ایک بااثر اور معزز مقام حاصل تھا۔

حر بن یزید کی شخصیت اور اوصاف

اگرچہ حضرت حرؒ کی پیدائش کی صحیح تاریخ تاریخ کے اوراق میں محفوظ نہیں، تاہم آپ کا شمار ان نوجوان کوفی سرداروں میں ہوتا تھا جو اپنی بہادری، شجاعت اور قائدانہ صلاحیتوں کے باعث مشہور تھے۔ مورخین نے آپ کو کوفہ کے بہترین جنگجوؤں میں شمار کیا ہے۔ آپ کی شخصیت میں شرافت، غیرت اور حق کی تلاش کے جذبات نمایاں تھے۔ ذاتی اوصاف و خصوصیات کے اعتبار سے دیکھا جائے تو حر بن یزیدؒ کی شخصیت کے بارے میں تاریخی اعتبار سے ایک دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ آپ کی سیاسی وابستگیوں کے بارے میں مؤرخین میں اختلاف پایا جاتا ہے۔ آپ کا تعلق قبیلہ تمیم کی شاخ ریاح سے تھا جس کی سیاسی حیثیت کو لے کر مؤرخین میں دو نقطہ ہائے نظر پائے جاتے ہیں۔ البتہ تاریخ میں آپ کو ایک دیانت دار، بہادر، شریف النفس اور صاحبِ غیرت انسان کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ بعض مورخین نے آپ کو ابن زیاد کے محافظوں میں بھی شمار کیا ہے جب کہ حقیقت یہ ہے کہ آپ ایک اعلیٰ فوجی عہدے دار تھے۔

ضمیر کی بیداری اور حق کی تلاش

آپ کی سب سے بڑی خوبی آپ کا ضمیرِ بیدار اور تلاش حق کی لگن تھی۔ جب آپ نے دیکھا کہ عبید اللہ بن زیاد امام حسین علیہ السلام کے خلاف کوئی نرم گوشہ نہیں رکھتا اور ان کے ساتھ ظالمانہ سلوک کر رہا ہے تو آپ کے اندر کا انسان بیدار ہو گیا۔ محدثین اور مورخین نے آپ کے کردار کو توبہ، ندامت اور شجاعت کی ایک روشن مثال قرار دیا ہے۔

کربلا کا تاریخی پس منظر اور حر کا کردار

60 ہجری میں جب امام حسین علیہ السلام نے یزید کی بیعت سے انکار کر دیا اور مکہ سے عراق کی طرف روانہ ہوئے تو عبید اللہ بن زیاد نے ان کا راستہ روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے۔ اس سلسلے میں ابن زیاد نے حر بن یزید کو ایک ہزار سپاہیوں کے ساتھ امام عالی مقام کی راہ روکنے کے لیے بھیجا۔ حر بن یزید نے اپنی فوج کے ساتھ امام حسین علیہ السلام کی طرف کوچ کیا اور کربلا کے قریب آپ کا راستہ روک لیا۔ کربلا میں عمر ابن سعد کی سربراہی میں لشکرِ یزید جمع ہوتا رہا حتٰی کہ سات محرم کو یزیدی افواج نے امام حسین علیہ السلام اور کے ہمراہیوں پر پانی بند کر دیا، جس سے امام علیہ السلام کے خاندان اور ساتھی پیاس سے بے حال ہوئے۔ جب حر نے دیکھا کہ ابن زیاد اور عمر سعد جیسے لوگ کسی بھی قسم کے معاہدے یا مصالحت کے لیے تیار نہیں بلکہ ان کا مقصد صرف اور صرف امام حسین علیہ السلام کو شہید کرنا ہے تو آپ کا دل بیتاب اور ضمیر بیدار ہوا پس اس کشمکش کے نتیجے میں حر نے توبہ اور فرزند رسول کی جانب رجوع کرنے کا فیصلہ کیا۔

آزادی کی طرف گامزن

عاشورہ کی صبح جب جنگ شروع ہونے ہی والی تھی کہ حر بن یزید نے اپنے بیٹے اور غلام کی ہمراہی میں عمر ابن سعد کی فوج چھوڑ دی اور امام حسین علیہ السلام کی طرف چل دیے۔ یہ منظر بے حد جذباتی اور سبق آموز تھا۔ حر شرمندگی و ندامت کے آنسو بہاتے ہوئے رسول اللہ کے نواسے سے معافی مانگ رہا ہے اور کریم ابن کریم سبط مصطفیٰ ایک حرف شکایت زبان پر لائے بنا فرماتے ہیں کہ اے حر تم تو دنیا و آخرت میں آزاد ہو۔ امام حسین علیہ السلام نے انہیں معاف کر دیا لیکن فرمایا کہ گھوڑے سے اتر آو لیکن حر نے کہا کہ مولا میں پشت راہوار سے اترنا نہیں چاہتا بلکہ گھوڑے پر سوار رہتے ہوئے آپ کی حفاظت کرنا چاہتا ہوں۔ یہ انداز حر کی بے پناہ ہمت اور وفاداری کا مظہر ہے۔

شجاعت کی انتہا اور شہادت

جب معرکہ حق و باطل میں صف آرائی ہو چکی اور عمر ابن سعد نے لشکر حق پر تیر چلاتے ہوئے حملے کا آغاز کیا تو حضرت حر بن یزید سب سے پہلے میدان میں اترے اور بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا۔ تاریخی روایات کے مطابق آپ نے چالیس سے زائد دشمنان اسلام کو قتل کیا۔ جب آپ کا گھوڑا زخمی ہو گیا تو آپ نے زمین پر اتر کر پیدل جنگ جاری رکھی۔ آخر کار آپ شدید زخمی ہو کر زمین پر گر پڑے۔ شہسوار کربلا امام حسین علیہ السلام نے خود آپ کے پہلو میں آ کر اپنا دست مبارک آپ کے سینے پر رکھا۔ آپ کی آنکھوں سے خون جاری تھا تو امام عالی مقام نے اسے صاف کیا اور اپنی والدہ، دختر رسول اللہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی چادر کا ایک ٹکڑا آپ کے زخم پر باندھا۔ شہادت سے پہلے حر نے پوچھا: فرزند رسول کیا میں نے اچھا عمل کیا؟ کیا آپ مجھ سے راضی ہیں؟ امام علیہ السلام نے جواب دیا: تم دونوں جہانوں میں آزاد ہو۔

حسینی راہ، غلامی سے آزادی تک

حر اور تاریخ کربلا کا عرفانی مطالعہ انسان کی فکر میں امید کا اک دریچہ کھولتا ہے کہ دو محرم کو امام حسین علیہ السلام حر کے راستہ روکنے پر فرماتے ہیں: "تیری ماں تیرے سوگ میں بیٹھے” اور روز عاشورا اسی حر کا سر اپنی آغوش میں لے کر فرما رہے ہیں کہ "تم دنیا و آخرت میں آزاد ہو”۔ پس معلوم ہوا کہ غلامی سے آزادی تک، ہلاکت سے زندگی تک اور جہنم سے جنت تک لے جانے کی راہ حسینیت کی راہ ہے۔

علمی اور تاریخی اعتراف

تاریخی مصادر سے واضح ہوتا ہے کہ حر بن یزید کی شخصیت اور کردار کو تمام اسلامی مکاتب فکر میں سراہا گیا ہے اور خصوصاً ان کی توبہ اور شہادت کے عمل کو روشنی کا مینار تصور کیا جاتا ہے۔ اسلامی تاریخی مصادر بالخصوص ابوالفرج اصفہانی کی "مقاتل الطالبین” اور ابی مخنف کی "مقتل الحسین” جیسی کتابیں ان کی شجاعت کا ذکر کرتی ہیں۔ ائمہ اہل بیتؑ کی زبانی، حضرت حر کا ذکر بڑے احترام سے کیا گیا ہے اور حضرت امام زمان عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف سے منسوب زیارت ناحیہ مقدسہ میں ان کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

عبرت اور امید کا پیغام

لہذٰا ہم کہہ سکتے ہیں کہ حضرت حر بن یزید ریاحی واقعہ کربلا کی ایک منفرد اور انقلابی شخصیت ہیں، جنہوں نے غلطی کا اعتراف کیا، توبہ کی اور بالآخر شہادت کا رتبہ پایا۔ آپ کی زندگی ہر دور اور بالخصوص عصر حاضر کے مسلمانوں کے لیے ایک سبق ہے کہ ہر انسان سے غلطی ہو سکتی ہے لیکن اصل امتیاز یہ ہے کہ انسان اپنی غلطیوں کو پہچان کر ان سے باز آ جائے اور حق کے ساتھ کھڑا ہو جائے۔ آپ کی شخصیت توبہ اور بخشش کی امّید کی علامت ہے۔

ٹیگز: #اسلام #تاریخ #حر بن یزید #شہداء کربلا #واقعہ کربلا
SPONSORED — Dost Marketing

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں