امریکی اداکارہ کا دورانِ پرواز ہنگامہ، ایک فضائی میزبان کو کاٹا، دوسرے پر مکے برسائے

امریکی اداکارہ کا دورانِ پرواز ہنگامہ، ایک فضائی میزبان کو کاٹا، دوسرے پر مکے برسائے
نیویارک: امریکی اداکارہ سلمیٰ بلیئر کو لاس اینجلس سے نیویارک جانے والی ڈیلٹا ایئرلائنز کی پرواز میں فضائی عملے کے ارکان پر مبینہ حملے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
واقعہ دورانِ پرواز پیش آیا، جہاں اداکارہ پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک فضائی میزبان کو کاٹ لیا جبکہ دوسرے کو مکے مارے۔ واقعے میں فضائی عملے کے دو ارکان زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کو اسپتال منتقل کرنا پڑا۔
طیارے کی نیویارک کے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد اداکارہ کو حراست میں لے لیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور طبی عملے کو بھی طلب کیا گیا۔
اداکارہ کے خلاف نیویارک کے علاقے کوئنز میں پولیس اہلکار اور نرس پر مبینہ حملے کے دو الزامات بھی عائد کیے گئے۔ عدالت نے ضمانت کے لیے 20 ہزار ڈالر نقد یا 60 ہزار ڈالر کے ضمانتی بانڈ کی شرط مقرر کی۔
سلمیٰ بلیئر کے نمائندے کے مطابق اداکارہ کو دورانِ پرواز طبی ہنگامی صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان کے مطابق لینڈنگ کے بعد انہیں طبی امداد فراہم کی گئی اور اب ان کی حالت مستحکم ہے۔
ڈیلٹا ایئرلائنز نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت کمپنی کی اولین ترجیح ہے اور غیر ذمہ دارانہ یا غیر قانونی رویے کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جاتی ہے۔ امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف بی آئی) بھی واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ سلمیٰ بلیئر اس سے قبل بھی 2016 میں دورانِ پرواز ایک طبی و رویّے سے متعلق واقعے کے باعث خبروں میں آئی تھیں۔ بعد ازاں انہوں نے بتایا تھا کہ ادویات کے ساتھ شراب استعمال کرنے کے باعث انہیں اپنے رویے کے بارے میں مکمل یاد نہیں رہا تھا اور انہوں نے اپنے کیے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔
اداکارہ 2018 میں اپنی بیماری ملٹی پل اسکلروسس کے بارے میں بھی عوامی سطح پر بات کر چکی ہیں۔ تاہم موجودہ واقعے میں ان کے خلاف عائد الزامات کی قانونی حیثیت برقرار ہے اور انہیں ان الزامات میں مجرم قرار دیے جانے کی تصدیق نہیں ہوئی۔
