وزیراعظم شہباز شریف 23 مئی سے چین کا سرکاری دورہ کریں گے، چینی وزارت خارجہ
بیجنگ (دوست نیوز): وزیراعظم شہباز شریف چینی ہم منصب لی چیانگ کی دعوت پر 23 سے 26 مئی تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے معمول کی بریفنگ میں دورے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے پاک چین تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر اہم اعلیٰ سطحی رابطہ قرار دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف دورے کے دوران چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیراعظم لی چیانگ کے ساتھ بھی تفصیلی مذاکرات ہوں گے۔ دونوں ممالک کی قیادت دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف چین اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ دورے کے دوران ان کا صوبہ ژی جیانگ جانے کا پروگرام بھی شامل ہے، جہاں مختلف سطح کے رابطے اور ملاقاتیں متوقع ہیں۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین اور پاکستان بہترین دوست اور ہر موسم کے اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ 75 برسوں میں دونوں ممالک کے تعلقات ہر آزمائش پر پورا اترے اور بین الریاستی تعلقات کی ایک نمایاں مثال بنے۔
گو جیاکون نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کی قیادت کی اسٹریٹجک رہنمائی کے تحت اعلیٰ سطحی روابط برقرار رہے، عملی تعاون آگے بڑھا اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی ترقی میں اہم پیش رفت ہوئی۔
ترجمان نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ روایتی دوستی کو مزید مضبوط کرے گا، ہمہ جہت تعاون کو گہرا بنائے گا اور نئے دور میں چین پاکستان مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کی تعمیر کے لیے نیا باب ثابت ہوگا۔
