سی پیک اور جہاز سازی میں تعاون پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کی روشن مثال ہے، طلال چوہدری
اسلام آباد (دوست نیوز): وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ اور جہاز سازی کے شعبے میں تعاون پاکستان اور چین کی اسٹریٹجک شراکت داری کی روشن مثال ہے، پاکستان اور چین کی دوستی کو دنیا کے سامنے ایک مثالی اور قابل تقلید ماڈل کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
اے پی پی کے مطابق پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے پر وزارت داخلہ میں خصوصی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، ایڈیشنل سیکرٹری اور وزارت داخلہ کے افسران و حکام نے شرکت کی۔
پاک سیکرٹریٹ آر بلاک میں دونوں ممالک کے پرچم لہرائے گئے اور پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے پر شرکا نے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ہر کڑے وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ادوار حکومت میں پاک چین دوستی ہمیشہ پروان چڑھی، جبکہ سی پیک منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی، صنعتی اور اسٹریٹجک تعاون کی اہم بنیاد ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کو مزید آگے بڑھایا جائے گا اور مختلف شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کے عوام کے لیے ترقی اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے یادگاری پودا بھی لگایا۔
