تربیلا ،پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے نے واپڈا کی بین الاقوامی کاربن مارکیٹس میں شمولیت کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل حاصل کر لیا ، جنرل منیجر و پراجیکٹ ڈائریکٹر
تربیلا۔ 01 مئی (دوست نیوز):تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کی کاربن مارکیٹ رجسٹریشن کی جانب اہم پیش رفت ہے، تربیلا کے پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے نے واپڈا کی بین الاقوامی کاربن مارکیٹس میں شمولیت کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل حاصل کر لیا ہے۔کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں سالانہ تقریباً 565,905 ٹن کمی آئے گی ،منصوبہ 10 سال کی مقررہ کریڈٹنگ مدت کے دوران مجموعی طور پر 5,659,053 ٹن کمی کا باعث بنے گامنصوبے کی ویری فیکیشن کی تکمیل کے بعد اسے گلوبل کاربن کونسل (جی سی سی) کے ساتھ رجسٹر کیا جائے گا۔
تربیلا پانچواں توسیعی پن بجلی منصوبہ جی سی سی کی رجسٹریشن حاصل کرنے والا پاکستان کا پہلا پن بجلی منصوبہ بن جائے گا،عالمی بنک کی تکنیکی معاونت اور اہم مراحل کی کامیاب تکمیل کے نتیجے میں ممکن ہوئی ہے، جن میں منصوبے کی submission اور جی سی سی سے منظور شدہ بین الاقوامی ویری فائر ایل جی اے آئی ٹیکنالوجیز سپین کی خدمات حاصل کرنا شامل ہے، ویری فکیشن عمل کے تحت ایل جی اے آئی ٹیکنالوجیز کے مقامی آڈیٹر نے منصوبے کا دورہ کیا۔دورے کے دوران تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے جنرل منیجر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر عمیر منان نے آڈیٹر کو منصوبے کی مجموعی پیش رفت پر بریفنگ دی۔
ڈائریکٹر (سول) فیصل حیات، اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات عاصمہ مغل نے بھی آڈیٹر کو جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی اور سماجی پہلوؤں بارے آگاہ کیا۔ آڈیٹر نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کی تعریف کی اور ماحولیاتی اور سماجی سکیموں پر عملدرآمد بارے اطمینان کا اظہار کیا۔تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ اپنی تکمیل پرصاف توانائی کے فروغ اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کے لیے پاکستان کے عزم کی تکمیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔
