لاہور ۔4اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں تیل کا بحران ہے، تاریخ میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اتنا اضافہ کبھی نہیں ہوا، حکومتی اقدامات کی بدولت ملک میں تیل کا بحران پیدا نہیں ہونے دیا گیا، وزیراعظم نے عوامی ریلیف کے لئے پیٹرول پر عائد لیوی میں 80 روپے تک کمی کی، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو سبسڈی ملنے سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا، کفایت شعاری پر وزیراعظم روزانہ کی بنیاد پر وزارتوں سے رپورٹ طلب کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تیل کا بحران عالمی سطح پر درپیش ہے جس سے تمام ممالک متاثر ہو رہے ہیں تاہم وزیراعظم کی ہدایات پر متعلقہ وزارتوں نے ابتدائی مرحلے ہی سے پیشگی اقدامات کرتے ہوئے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کشیدگی کے آغاز پر ہی واضح ہدایات جاری کیں کہ کسی صورت ملک کے کسان، نوکری پیشہ افراد، خواتین اور وہ نوجوان جو اپنے اہل خانہ کی ضروریات پوری کرنے کے لئے رزق حلال کماتے ہیں، انہیں تیل کی قلت کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پورے خطے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت دیکھنے میں آئی جبکہ مشرقی ہمسایہ ملک میں پیٹرول پمپس پر طویل قطاریں لگیں اور ایندھن کی دستیابی متاثر ہوئی تاہم حکومت پاکستان نے بروقت حکمت عملی کے تحت عوام کے لئے پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی کا بندوبست کیا۔ عید کے دنوں میں ملکی بندرگاہوں پر بحری جہازوں کی آمد کے مناظر سوشل میڈیا پر بھی نظر آتے رہے، مختلف ذرائع سے پیٹرولیم مصنوعات منگوائی گئیں، دو جہاز آبنائے ہرمز کے ذریعے پہنچے جبکہ ریڈ سی کے راستے بھی انتظامات کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے فجیرہ اور سعودی عرب سمیت جہاں جہاں سے ممکن ہوا عوامی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے تیل کی دستیابی یقینی بنائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بروقت نوٹس لیا جس کے باعث ملک میں کہیں بھی تیل کی قلت پیدا نہیں ہونے دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے باعث سپلائی لائنز متاثر ہوئیں جس سے بین الاقوامی منڈی میں قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا اور عالمی سطح پر قیمتیں غیر معمولی حد تک بلند ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے استعمال میں نہایت احتیاط کی ضرورت ہے، صرف ضرورت کے مطابق ہی تیل استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سبسڈی کے پیچھے وزیراعظم اور ان کی ٹیم کی مسلسل محنت شامل تھی۔ اس حوالے سے دن رات کام کرتے ہوئے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس عرصے میں جب دنیا بھر اور خطے کے مختلف ممالک میں عوام کو پیٹرول کی قلت، پیٹرول پمپوں پر طویل قطاروں اور بڑھتی ہوئی قیمتوں کا سامنا تھا، وزیراعظم نے تین ہفتوں کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات سے 129 ارب روپے کا انتظام کیا اور تین ہفتے تک پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہونے دیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے پیٹرول کے استعمال میں کمی کی ہدایات جاری کیں، سرکاری سطح پر 50 فیصد پیٹرول کی بچت اور غیر ضروری گاڑیوں کے استعمال میں نمایاں کمی کی گئی، وزراء اور مشیروں کی تنخواہیں سمیت ترقیاتی منصوبوں سے بھی فنڈز نکالے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے واضح کیا کہ عید کے موقع پر عوام کو اضافی بوجھ کا سامنا نہیں کرنے دیا جائے گا جس کے نتیجے میں عید کے دنوں میں قیمتیں مستحکم رہیں اور عوام کو ریلیف دیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ حالات ہمارے پیدا کردہ نہیں بلکہ دنیا کے تمام ممالک اس صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب کشیدگی میں اضافہ ہوا تو قومی سطح پر نیشنل رسپانس کی ضرورت تھی، وزیراعظم نے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر، چیف منسٹر گلگت بلتستان سمیت تمام متعلقہ حکام کو اکٹھا کیا جہاں قومی سطح کے ردعمل پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جتنا بوجھ اٹھانا ممکن تھا، حکومت نے اٹھایا، صورتحال سے نمٹنے کے لئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے، اس قومی ردعمل کے تحت وفاقی و صوبائی حکومتیں مشترکہ طور پر بوجھ برداشت کر رہی ہیں جبکہ محروم اور مستحق طبقات کے تحفظ کے لئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمومی سبسڈی کی صورت میں مہنگی گاڑیاں استعمال کرنے والے افراد بھی اتنا ہی فائدہ اٹھاتے ہیں جتنا موٹر سائیکل استعمال کرنے والا عام شہری حاصل کرتا ہے، اسی لئے ٹارگٹڈ سبسڈی کا نظام وضع کیا گیا ہے تاکہ ریلیف حقیقی مستحق طبقات تک پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہوتا ہے تاہم حکومت نے بروقت اقدامات کرتے ہوئے اسلام آباد اور پنجاب میں کرایوں میں اضافہ روک دیا ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ کو مفت کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت نے بھی کرایوں میں اضافہ روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرکوں، بسوں اور وینز کے لئے فراہم کی جانے والی سبسڈی سے بھی عام آدمی کو براہ راست سہولت میسر آئے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل حالات میں ہمت نہیں ہاری اور واضح کیا کہ وہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک عوام خود کو محفوظ محسوس نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آخری لمحے تک پیٹرولیم مصنوعات کے پرائسنگ فارمولے پر کام کرتے رہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں مزید کمی کا راستہ نکالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیک نیتی اور مسلسل محنت سے ہی حل نکلتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کی مدد شامل حال ہوتی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد وزیراعظم نے پیٹرولیم لیوی میں 80 روپے کمی کی جس کے نتیجے میں 458 روپے فی لیٹر تک پہنچنے والا پیٹرول کم ہو کر 378 روپے فی لیٹر پر دستیاب ہوا۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر جائزہ اجلاس منعقد ہوتے ہیں جن میں وزیراعظم متعلقہ وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں وفاقی و صوبائی حکومتیں عوامی فلاح و بہبود کے لئے تمام اقدامات کر رہی ہیں جبکہ سفارتی سطح پر بھی کوششیں جاری ہیں، عوام کو کسی صورت تنہاء نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کو سبسڈی فراہم کی جائے گی اس مقصد کے لئے وزیراعظم نے ڈیجیٹل والٹ کا نظام متعارف کرانے کی ہدایات جاری کی ہیں جس کے تحت ڈائریکٹ کیش ٹرانسفر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادائیگیاں اسی شفاف طریقہ کار کے تحت ہوں گی جس طرح رمضان المبارک کے دوران براہ راست کیش ٹرانسفر کیا گیا تھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی کوششیں جاری ہیں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے دن رات کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اس معاملے پر پوری طرح متحرک ہیں اور حکومت کی اولین ترجیح عوام کو ممکنہ مشکلات سے محفوظ رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ خطے میں امن بحال ہو تاکہ حالات معمول پر آئیں اور پاکستان میں ترقی کا سفر تیزی سے جاری رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے جبکہ وزیراعظم نے تمام وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ عوام کے لئے زیادہ سے زیادہ سہولت پیدا کی جائے۔ اس مقصد کے لئے تمام ادارے متحرک ہیں، کوئی بھی شخص چین سے نہیں بیٹھا اور ہر سطح پر بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ عوام کو مشکلات سے بچانے کے لئے حکومت ہر ممکن اقدام کرے گی۔
دنیا بھر میں تیل کا بحران ہے، حکومت کے بروقت اقدامات کی بدولت ملک میں تیل کا بحران پیدا نہیں ہونے دیا گیا، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو سبسڈی ملنے سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا، عطاء اللہ تارڑ
Govt. Scheme
PHA Flats
Affordable Housing · Pakistan
🏠 1 & 2 Bed
✅ Easy Installments
🏛️ Govt. Approved
Starting from PKR 35 Lac
Enquire Now
0300-7880786
Dost Marketing



