وزیراعظم محمد شہباز شریف کا خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے 160 ارب روپے کا اعلان
پشاور (اے پی پی)۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کےلیے 160 ارب روپے فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے وسائل کا ایک ایک پیسہ ترقی اور خوشحالی پر خرچ کیا جائے گا، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کےلیے رکاوٹیں فوری دور کی جائیں گی، قبائلی عمائدین نے ہمیشہ ڈنکے کی چوٹ پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے، دہشتگردی کے خلاف قبائلی عوام نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو گورنر ہاؤس پشاور میں قبائلی اضلاع کے نمائندوں پر مشتمل ترقیاتی کونسل اور مشران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اہم نکات
- وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے 160 ارب روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
- قبائلی عمائدین نے ہمیشہ ڈنکے کی چوٹ پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
- صوبے میں گندم کی قلت دور کرنے کیلئے وفاق ہر ممکن تعاون کرے گا اور ذخیرہ اندوزی نہیں ہونی چاہئے۔
- محکمہ انسداد دہشتگردی کو موثر بنانے اور خیبر پختونخوا میں سیف سٹی منصوبے مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
- پچھلی حکومت میں پینے کے پانی کے منصوبوں میں 100 ارب روپے اور کوہستان میں 37 ارب روپے کے مبینہ فراڈ کا حوالہ دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ قبائلی عوام نے گہرے زخم برداشت کئے مگر پاکستان سے وابستگی میں کبھی کمی نہیں آئی۔ قبائلی عمائدین کی قربانیوں اور پاکستان سے والہانہ وابستگی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں، سیکورٹی، پولیس کی تربیت اور انتظامی امور پر تفصیلی اجلاس ہوا۔ صوبے میں ترقیاتی کاموں اور سیکورٹی کو فل پروف بنانے کےلیے اہم فیصلے کئے گئے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کےلیے 160 ارب روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ صوبے میں گندم کی قلت دور کرنے کےلیے وفاق ہر ممکن تعاون کرے گا، گندم کی ذخیرہ اندوزی نہیں ہونی چاہیے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاق کی فراہم کردہ قیمت پر عام آدمی کو گندم کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ محکمہ انسداد دہشتگردی کو موثر بنانے کےلیے اقدامات کی ہدایت کی ہے، پاکستان کو معاشی چیلنجز سے نکالنے کیلئے عزم درکار ہے، محمد علی کے تناظر میں تمام ترقیاتی امور کو بھی شفاف بنایا جائے گا۔ خیبر پختونخوا میں سیف سٹی منصوبے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں کےلیے وفاقی تمام ضروری وسائل فراہم کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کےلیے رکاوٹیں فوری دور کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 13 سال کے دوران سیکورٹی آپریشنز اور پولیس کی کارکردگی میں خامیاں سامنے آئیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ چوری اور ڈکیتی کے واقعات پر فوری کارروائی اور ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پچھلی حکومت میں پینے کے پانی کے منصوبوں میں 100 ارب روپے کا مبینہ سکینڈل سامنے آیا ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کوہستان میں 37 ارب روپے کی مبینہ فراڈ کا بھی حوالہ دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے وسائل کا ایک ایک پیسہ ترقی اور خوشحالی پر خرچ کیا جائے گا، صوبے کے وسائل کی مبینہ لوٹ مار پر قابو پایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ 40 منتخب ارکان پر مشتمل قبائلی کونسل کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، قبائلی کونسل کو مکمل طور پر بااختیار بنایا جائے گا، قبائلی علاقوں میں ترقیاتی امور اور انصاف کی فراہمی کےلیے بھرپور معاونت کریں گے، قبائلی عوام کے حقوق کے تحفظ کےلیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، قبائلی عوام کی ترقی اور خوشحالی کےلیے دن رات محنت کریں گے۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین اور مشران نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی صورتحال پر خصوصی توجہ دینے پر وزیراعظم کے مشکور ہیں۔ قبائلی عمائدین نے کہا کہ مسائل کے حل میں بھر پور تعاون کریں گے۔ اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی کابینہ کے اراکین بھی موجود تھے۔
اہم سوالات و جوابات
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے کتنی رقم کا اعلان کیا ہے؟
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کےلیے 160 ارب روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والے اجلاس میں کون سی اہم شخصیات موجود تھیں؟
اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کے علاوہ چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی کابینہ کے اراکین موجود تھے۔
