پی ٹی اے نے قواعد کی خلاف ورزی پر پانچ ٹیلی کام کمپنیوں کے لائسنس معطل کر دیئے

پی ٹی اے نے قواعد کی خلاف ورزی پر پانچ ٹیلی کام کمپنیوں کے لائسنس معطل کر دیئے
اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ریگولیٹری قواعد کی خلاف ورزی پر پانچ ٹیلی کام کمپنیوں کے لائسنس معطل کر دیئے ہیں۔ کمپنیوں پر سالانہ آڈٹ شدہ مالیاتی گوشوارے جمع نہ کرانے اور مالی سال 2023-24 کی سالانہ لائسنس فیس ادا نہ کرنے کا الزام ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جن کمپنیوں کے لائسنس معطل کیے گئے ہیں ان میں الوجود ٹیکنالوجیز (پرائیویٹ) لمیٹڈ، فاسٹ فائبر نیٹ (پرائیویٹ) لمیٹڈ، جیو ٹیک، نیویٹرونکس (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور زیڈ کام نیٹ ورکس (پرائیویٹ) لمیٹڈ شامل ہیں۔ یہ کارروائی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (ری آرگنائزیشن) ایکٹ 1996 کی دفعہ 23 کے تحت کی گئی۔
اتھارٹی نے تمام لانگ ڈسٹنس اینڈ انٹرنیشنل (LDI)، لوکل لوپ (LL)، ٹیلی کام انفراسٹرکچر پرووائیڈر (TIP) اور موبائل آپریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مذکورہ کمپنیوں کو فراہم کی جانے والی ٹیلی کام خدمات فوری طور پر معطل کر دیں۔
پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایک ماہ کے اندر متعلقہ کمپنیوں نے مطلوبہ مالیاتی دستاویزات جمع نہ کرائیں، واجبات ادا نہ کیے اور قواعد پر عملدرآمد نہ کیا تو ان کے لائسنس مزید نوٹس کے بغیر منسوخ کیے جا سکتے ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق متعلقہ کمپنیوں کو متعدد بار یاد دہانیاں اور شوکاز نوٹس جاری کیے گئے، تاہم انہوں نے نہ تو مطلوبہ جواب جمع کرایا اور نہ ہی سماعت میں شرکت کی، جس کے بعد دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر ان کے لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
