سینیٹر روبینہ خالد: مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح نے آئین، جمہوریت کا پرچم بلند رکھا
اسلام آباد (اے پی پی)۔ چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح نے ہر مشکل دور میں آئین، جمہوریت اور عوامی حق حکمرانی کا پرچم بلند رکھا۔
جمعرات کو بی آئی ایس پی سے جاری بیان کے مطابق، مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 59 ویں برسی کے موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ مادر ملت کا کردار خواتین کی خودمختاری، قومی وقار اور عوامی خدمت کا درخشاں استعارہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح کی جدوجہد اس حقیقت کی یاد دلاتی ہے کہ مضبوط پاکستان کی بنیاد جمہوریت اور آئین کی پاسداری میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مادر ملت کی سیاسی بصیرت اور قومی خدمات آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہیں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے زور دیا کہ عوامی خدمت، قومی اتحاد اور جمہوری روایات کا فروغ ہی مادر ملت کو حقیقی خراج عقیدت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام خواتین کو بااختیار بنا کر مادر ملت کے عوامی خدمت کے وژن کو آگے بڑھا رہا ہے۔
آخر میں، انہوں نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کے ایصال ثواب، درجات کی بلندی اور ملک کی ترقی و استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
