کمشنر اور ڈی آئی جی ہزارہ کی غازی میں آن لائن کھلی کچہری، تجاوزات آپریشن اور گرفتاریوں پر اہم ہدایات جاری
کمشنر اور ڈی آئی جی ہزارہ کی غازی میں آن لائن کھلی کچہری، تجاوزات آپریشن اور گرفتاریوں پر اہم ہدایات جاری
غازی (3D میڈیا، رپورٹ: جاوید اقبال) کمشنر ہزارہ ڈویژن شاہ رخ خان اور ڈی آئی جی ہزارہ جہانزیب نذیر خان نے تحصیل غازی کے نو تعمیر شدہ پولیس اسسٹنس لائن (PAL) آفس کے ذریعے علاقہ معززین اور صحافیوں کے ساتھ آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن، پولیس کارروائیوں اور مقامی آبادی کو درپیش مسائل پر شہریوں کے تحفظات سنے گئے۔
کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے تجاوزات کے خلاف مہم میں ممکنہ ناانصافی، پولیس گرفتاریوں اور دیگر انتظامی مسائل کی نشاندہی کی۔ اس موقع پر کمشنر ہزارہ شاہ رخ خان نے واضح کیا کہ انتظامیہ کا مقصد کسی شہری کی ذاتی یا قانونی ملکیت کو بلاجواز نقصان پہنچانا نہیں، تاہم سرکاری اراضی سے تجاوزات ہر صورت ختم کرائی جائیں گی اور کارروائی کے دوران قانون اور انصاف کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔
کمشنر ہزارہ نے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) غازی کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے نتیجے میں گرایا جانے والا ملبہ فوری طور پر ہٹایا جائے اور متاثرہ مقامات کی صفائی یقینی بنائی جائے۔

دریائے سندھ کے کنارے 200 فٹ کی حدود میں غیر قانونی تعمیرات اور آبادکاری کے حوالے سے شہریوں کے سوالات پر کمشنر نے بتایا کہ موجودہ تجاوزات مخالف مہم مکمل ہونے کے بعد دریائی حدود میں قائم تعمیرات اور آبادکاری کا تفصیلی سروے اور جانچ پڑتال کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی شہری کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی اور تمام اقدامات قانونی تقاضوں کے مطابق کیے جائیں گے۔
ہفتہ وار خالو منڈی کے باعث اردگرد کے رہائشیوں کو درپیش مشکلات اور آمدورفت میں رکاوٹوں کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ہزارہ نے اسسٹنٹ کمشنر غازی کو فوری اور مؤثر انتظامی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
دوسری جانب تھری ایم پی او کے تحت گرفتاریوں پر شہریوں کے تحفظات کا جواب دیتے ہوئے ڈی آئی جی ہزارہ جہانزیب نذیر خان نے کہا کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں اور کسی بے گناہ شخص کو حراست میں نہیں رکھا جائے گا۔ انہوں نے ڈی ایس پی مسعود خان کو گرفتاریوں کے معاملے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کسی شہری کے ساتھ زیادتی یا ناانصافی نہیں ہونی چاہیے۔
ڈی آئی جی نے واضح کیا کہ اگر تحقیقات میں ثابت ہو کہ کوئی زیر حراست شخص توڑ پھوڑ یا ہنگامہ آرائی میں ملوث نہیں تھا تو اسے فوری طور پر باعزت رہا کیا جائے۔
آن لائن کھلی کچہری کے اختتام پر علاقہ معززین اور صحافیوں نے اعلیٰ انتظامی و پولیس حکام کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جاری کردہ ہدایات پر عملی طور پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
