مرکزی مواد پر جائیں
☀️ اسلام آباد: 18°C
بدھ، 4 نومبر 2026
تازہ ترین
📊 ریٹ
USD/PKR 276.53 EUR/PKR 309.51 GBP/PKR 370.97 سونا/تولہ (عالمی) 419,789 PKR Bitcoin $80,526 USD/PKR 276.53 EUR/PKR 309.51 GBP/PKR 370.97 سونا/تولہ (عالمی) 419,789 PKR Bitcoin $80,526
قومی

ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو اپارٹمنٹس ختم، فائیو اسٹار ہوٹل بنے گا، اپارٹمنٹ مالکان کو اصل رقم اور بینک ریٹ پر منافع ملے گا

📅 ✍️ ⏱ 6 منٹ
ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو اپارٹمنٹس ختم، فائیو اسٹار ہوٹل بنے گا، اپارٹمنٹ مالکان کو اصل رقم اور بینک ریٹ پر منافع ملے گا
f 𝕏 ✈ شیئر کریں
f 𝕏
✓ لنک کاپی ہو گیا

ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو اپارٹمنٹس ختم، فائیو اسٹار ہوٹل بنے گا، اپارٹمنٹ مالکان کو اصل رقم اور بینک ریٹ پر منافع ملے گا

اسلام آباد (3D میڈیا) وفاقی حکومت نے ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو منصوبے کے اپارٹمنٹس ختم کرکے عمارت کو دوبارہ فائیو اسٹار ہوٹل میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ حکومت کو عمارت کا قانونی قبضہ مل گیا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ آئندہ چند ماہ میں اسے ہوٹل میں تبدیل کردیا جائے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اعلان کیا ہے کہ متاثرہ اپارٹمنٹ مالکان کو ان کی اصل سرمایہ کاری کے ساتھ کائبور (KIBOR) کی شرح کے مطابق منافع بھی واپس کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم کی قائم کردہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ کے بعد حکومت کو ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کا قانونی قبضہ مل گیا ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ عمارت کو چند ماہ میں ہوٹل میں تبدیل کرکے منصوبے کو اس کے اصل مقصد کے مطابق بحال کیا جائے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کی قائم کردہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کابینہ میں پیش کی گئی، جس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اسے منظور کرلیا گیا ہے۔ جے آئی ٹی میں نیب، ایف آئی اے، ایف بی آر، ایس ای سی پی، انٹیلی جنس بیورو اور آئی ایس آئی کے نمائندے شامل تھے۔

احسن اقبال کے مطابق جے آئی ٹی رپورٹ میں منصوبے کی بڈنگ اور نیلامی کے عمل میں سنگین بے ضابطگیوں، قواعد میں مبینہ نرمی، مخصوص کمپنی کو فائدہ پہنچانے، بینک گارنٹی کی شرط ختم کرنے اور سی ڈی اے کے بعض افسران کی کوتاہیوں اور مبینہ ملی بھگت کی نشاندہی کی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جس کمپنی کو منصوبے کی لیز دی گئی وہ اس کی اہل نہیں تھی جبکہ قانونی کارروائی اور منصوبے کی منظوری کے مختلف مراحل بھی مشکوک تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو منصوبہ بنیادی طور پر فائیو اسٹار ہوٹل کے طور پر منظور کیا گیا تھا، تاہم بعد میں اسے اپارٹمنٹس میں تبدیل کرکے فروخت کیا گیا، جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچنے کے علاوہ متعدد پاکستانی شہریوں کی سرمایہ کاری بھی متاثر ہوئی۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت متاثرہ اپارٹمنٹ مالکان کو ان کی اصل سرمایہ کاری واپس کرے گی اور اس رقم پر کائبور (KIBOR) کے مطابق سود بھی ادا کیا جائے گا تاکہ سرمایہ کاروں کے مالی مفادات کا تحفظ کیا جاسکے۔

احسن اقبال نے بتایا کہ جے آئی ٹی نے عبدالحفیظ شیخ کو مبینہ طور پر منصوبے کا مرکزی کردار قرار دیا ہے جبکہ سی ڈی اے کے سابق چیئرمین کامران لاشاری، ڈاکٹر فیصل اعوان، اظہر علی چوہدری، ریٹائرڈ بریگیڈیئر نصراللہ اور مرحوم رائے نواز کھرل سمیت دیگر متعلقہ افراد کے کردار کی بھی نشاندہی کی ہے۔

جے آئی ٹی نے سفارش کی ہے کہ متعلقہ کمپنی کو مستقبل کے سرکاری منصوبوں کے لیے بلیک لسٹ کیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ رپورٹ میں منصوبے کو اس کے اصل منظور شدہ مقصد کے مطابق بحال کرنے، شفاف طریقے سے دوبارہ نیلامی اور سکیورٹی سمیت متعلقہ اداروں سے ضروری کلیئرنس حاصل کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نیب کو ہدایت کی گئی ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں نامزد افراد، مبینہ سہولت کاروں اور پشت پناہی کرنے والوں کے کردار کی جامع تحقیقات کرکے نیب قوانین کے تحت کارروائی کی جائے۔

احسن اقبال نے مزید بتایا کہ ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کے نام کی تبدیلی کی بھی سفارش کی گئی ہے کیونکہ ان کے مطابق اس نام کو مارکیٹنگ کے مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا، حالانکہ کانسٹی ٹیوشن ایونیو پر واقع پہلی عمارت وزارت خارجہ کی ہے اور وزارت نے اس پتے پر اپنا دعویٰ بھی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے مختلف ادوار میں اس منصوبے کے معاملے کی تحقیقات جاری رہیں اور کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔ مستقبل میں ایسی بے ضابطگیوں کی روک تھام کے لیے سی ڈی اے اور متعلقہ اداروں کا ریکارڈ ڈیجیٹائز کرنے، افسران کی باقاعدہ روٹیشن، تھرڈ پارٹی پری آڈٹ، شفاف کنٹریکٹ مینجمنٹ اور فائر سیفٹی سمیت دیگر حفاظتی ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنانے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

حکومتی فیصلے کے بعد ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کے موجودہ اپارٹمنٹ مالکان کے لیے اصل سرمایہ کاری اور کائبور کے مطابق منافع کی واپسی کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ عمارت کو دوبارہ فائیو اسٹار ہوٹل میں تبدیل کرنے کا منصوبہ سامنے آیا ہے۔ تاہم ادائیگی کے طریقہ کار، مدت اور ہوٹل میں تبدیلی کے عملی شیڈول کی تفصیلات ابھی سامنے آنا باقی ہیں۔

تازہ خبروں کے لیے دوست نیوز کو فالو کریں
🏛️ GOVERNMENT PROJECT

PHA Foundation Flats

Sector I-16, Islamabad

✅ Officially Approved
✅ Easy Installments
✅ No Hidden Charges
Starting from
PKR 60 Lac
View Details →
SPONSORED — Dost Marketing

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں