پاکستان میں 2 نومبر تک انٹرنیٹ کی رفتار سست رہے گی، سب میرین انٹرنیشنل کیبل کی مرمت کا کام جاری
پاکستان میں 2 نومبر تک انٹرنیٹ کی رفتار سست رہے گی، سب میرین انٹرنیشنل کیبل کی مرمت کا کام جاری
اسلام آباد: پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین کو 2 نومبر 2026 تک سست رفتار انٹرنیٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، خصوصاً شام کے مصروف اوقات میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے مطابق بین الاقوامی سب میرین کیبل کی ہنگامی مرمت کے باعث پاکستان میں انٹرنیٹ سروس عارضی طور پر متاثر ہو سکتی ہے۔ کیبل کی مرمت کا کام 27 اکتوبر سے اٹلی اور فرانس کے درمیان سمندری حصے میں شروع کیا گیا ہے، جو 2 نومبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
پی ٹی سی ایل کے مطابق مرمت کے دوران صارفین کو بالخصوص مصروف اوقات میں انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی اور سروس کے معیار میں معمولی خرابی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
متعلقہ سب میرین کیبل سسٹم تقریباً 25 ہزار کلومیٹر طویل ہے، جو جنوب مشرقی ایشیا کو مصر کے راستے یورپ سے ملاتا ہے۔ اس بین الاقوامی نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان کا رابطہ کراچی کے مقام پر قائم ہے، جبکہ یہ نظام یونان، اٹلی اور فرانس سمیت متعدد یورپی مقامات تک ڈیٹا کی ترسیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
چونکہ موجودہ مرمت کی سرگرمیاں کیبل کے یورپی حصے میں جاری ہیں، اس لیے یورپ میں موجود سرورز سے منسلک ویب سائٹس اور آن لائن سروسز استعمال کرنے والے صارفین نسبتاً زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔ شام کے اوقات میں، جب انٹرنیٹ کا استعمال زیادہ ہوتا ہے، رفتار میں کمی کا امکان بڑھ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی سب میرین کیبلز میں خرابی کے باعث اس سے قبل بھی انٹرنیٹ سروس متاثر ہوتی رہی ہے۔ جنوری 2025 میں قطر کے قریب ایک سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہوئی تھی اور صارفین کو تقریباً دو ہفتوں تک مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بعد ازاں پی ٹی سی ایل نے خرابی دور ہونے اور سروس معمول پر آنے کا اعلان کیا تھا۔
