باکو انٹرنیشنل بک فیئر میں پاکستانی ادیبوں کی تصانیف نمائش کے لیے پیش، بھر پور پذیرائی ملی
باکو انٹرنیشنل بک فیئر میں پاکستانی ادیبوں کی تصانیف نمائش کے لیے پیش، بھر پور پذیرائی ملی
باکو: آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقدہ 12ویں انٹرنیشنل بک فیئر میں پاکستانی سفارت خانے نے وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور نیشنل بک فاؤنڈیشن کے اشتراک سے پاکستان کے نامور ادیبوں کی تصانیف پیش کرکے ملک کے علمی، ادبی اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا۔

پاکستانی کتابوں کے خصوصی مجموعے میں ناول، شاعری، سفرنامے اور بچوں کا ادب شامل تھا، جس میں میلے کے شرکا اور کتابوں سے دلچسپی رکھنے والے افراد نے پاکستان کی ادبی روایات، تخلیقی صلاحیتوں اور ثقافتی تنوع سے آگاہی حاصل کی۔

آذربائیجان کی وزارتِ ثقافت کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس کتاب میلے کا مرکزی موضوع ’’زندگی اسکرین سے کہیں بڑی ہے: ایک بچہ، ایک کتاب، ایک حقیقی دنیا‘‘ تھا۔ میلے میں مختلف ممالک کے ناشرین، مصنفین اور ادبی اداروں نے شرکت کی، جبکہ اس کا بنیادی مقصد مطالعے کے رجحان کو فروغ دینا، کتاب دوستی کو مستحکم کرنا اور عالمی سطح پر ادبی و ثقافتی روابط کو وسعت دینا تھا۔

باکو انٹرنیشنل بک فیئر میں پاکستان کی شرکت کو دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی سفارت کاری کے فروغ کی اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر پاکستانی ادبی ورثے کی نمائش نے ادب اور کتابوں کے ذریعے پاکستان اور آذربائیجان کے عوام کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور قربت بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کے فروغ میں ادبی، تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیاں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔


